0
Saturday 10 Nov 2018 21:48
افغان امن مذاکرات روس میں جاری

افغانستان سے امریکہ کا مکمل انخلاء، طالبان کا مطالبہ

افغانستان سے امریکہ کا مکمل انخلاء، طالبان کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ روس میں جاری افغان امن مذاکرات کے دوران طالبان وفد نے امریکی فوجیوں کے افغانستان سے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی میزبانی میں ماسکو میں جاری افغان امن مذاکرات کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ تین روزہ کانفرنس میں آج بھی سربراہی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے حصے میں آئی۔ آج کے سیشن میں طالبان کے مطالبے پر بحث کی جائے گی، افغان حکومت اور امریکی حکام طالبان مطالبے پر اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے جب کہ دیگر ممالک کی رائے بھی لی جائے گی، جس کے بعد  دیگر معاملات پر بھی گفت و شنید ہو گی اور کل حتمی نتیجے تک پہنچا جائے گا۔ قبل ازیں طالبان وفد کے سربراہ نے 17 سالہ افغان جنگ کے خاتمے کو امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات کا انعقاد خوش آئند ہے لیکن ٹھوس اقدامات کی عملی تعبیر کے بغیر ہر قسم کے بحث و مباحثے ناکام ثابت ہوں گے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ امن کانفرنس کا مقصد مشترکہ جدوجہد کے ذریعے افغانستان کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہو گا، اس سلسلے میں روس تمام فریقین کی سنجیدہ اور بامقصد بات چیت اور مثبت نتائج کیلئے پرُ امید ہے، جس کے لیے تمام فریقین کو اپنا نکتہ نظر پیش کرنے کے لیے آزاد پلیٹ فارم فراہم کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز شروع ہونے والی تین روزہ افغان کانفرنس میں افغانستان، پاکستان، بھارت، چین، امریکا اور افغان طالبان کے وفد سمیت 12 ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں جب کہ روس نے بطور میزبان کے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 760400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش