QR CodeQR Code

عوام دشمن پیپلز پارٹی عوام اور سندھ کو تعلیم یافتہ نہیں دیکھنا چاہتی، خرم شیر زمان

10 Nov 2018 23:41

اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کا نظام اتنا ناقص ہے کہ میٹرک اور انٹر تک تعلیم یافتہ افراد محض پڑھنا لکھنا جانتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں تعلیم کا معیار بہت پست ہے، اس کی وجہ بوٹی مافیا اور نقل کا رجحان ہے، پورے سندھ کے اسکولوں میں طلبہ کو تعلیمی مسائل کا سامنا ہے، تعلیم کیلئے سہولیات ناکافی ہیں اور گھوسٹ اساتذہ کے ساتھ ساتھ گھوسٹ اسکولوں نے بھی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ اپنے ایک بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ اگر ہمارے بچے تعلیم حاصل نہیں کریں گے، تو ہمارے ملک کا مستقبل محفوظ نہیں ہو سکتا، ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف جائے گا اور اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کا نظام اتنا ناقص ہے کہ میٹرک اور انٹر تک تعلیم یافتہ افراد محض پڑھنا لکھنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی کمی سے ناخواندگی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری اور معاشی پسماندگی بھی بڑھے گی، شعور اور علم کا فقدان پیدا ہوگا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ ان مسائل کو نظر انداز اس لیے کرتا آیا ہے، کیونکہ عوام دشمن پیپلز پارٹی عوام اور صوبے کو تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتی، تعلیم بڑھے گی تو شعور آئے گا اور پیپلز پارٹی کا مقصد اس شعور کا راستہ روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کراچی سمیت پورے سندھ کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے، علم و شعور بڑھنے سے ہی مستقبل کے معمار نئے دور کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں گے اور ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، وہ ملک ہر حال میں ترقی کرے گا، جس میں نوجوان زیادہ ہوں، لیکن عوام دشمن پیپلز پارٹی اس میں خلل پیدا کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 760413

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/760413/عوام-دشمن-پیپلز-پارٹی-اور-سندھ-کو-تعلیم-یافتہ-نہیں-دیکھنا-چاہتی-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org