0
Sunday 11 Nov 2018 11:01

یورپی ممالک کی مشترکہ فوج تشکیل دینے کی فرانسیسی تجویز توہین آمیز ہے، ٹرمپ

یورپی ممالک کی مشترکہ فوج تشکیل دینے کی فرانسیسی تجویز توہین آمیز ہے، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے یورپ کی مشترکہ آرمی کی تجویز پر جنگ عظیم اول کی یادگاری تقریب کے دورے سے متعلق سخت رویہ اختیار کیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پیرس میں جنگ عظیم اول کی یادگاری تقریب اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے لیے پیرس کا دورہ کیا۔ تاہم انہوں نے ایک ٹویٹ میں یورپی یونین کو اپنی مشترکہ فوج بنانے کی تجویز دینے پر اپنے میزبان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے تجویز دی ہے کہ یورپ خود کو امریکا، چین اور روس سے بچاؤ کے لیے اپنی ایک فوج بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تجویز انتہائی توہین آمیز ہے اور اس سے قبل یورپ کو شاید نیٹو کا منصفانہ حصہ ادا کرنا چاہیے جیسے امریکا اچھے طریقے سے ادا کرتا ہے۔

بعد ازاں فرانسیسی صدر سے ملاقات میں انہوں نے یقین دلایا کہ امریکا، یورپ کے دفاع میں مدد کرے گا، لیکن انہوں نے منصفانہ شیئر کی ادائیگی کی بات کو بھی دہرایا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایمانوئیل میکرون سمجھتے ہیں کہ امریکا بہت کچھ کرسکتا ہے، لیکن انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا یہ اعلان نہیں کر رہا کہ ہم مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ایمانوئیل میکرون یورپ میں ٹرمپ وسپرر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کے امریکی صدر سے بہت قریبی تعلقات بھی ہیں۔ گذشتہ ملاقات دونوں رہنماؤں کی قریبی دوستی کا بھی مظہر تھی، لیکن اس بار گزشتہ ملاقاتوں جیسی گرم جوشی دکھائی نہیں دی۔ ڈونلڈ ٹرمپ صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ دوسری مرتبہ پیرس آئے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں ایمانوئیل میکرون کی جانب سے مشترکہ آرمی کی تجویز سے متعلق تبصرہ کیا تھا۔

ایمانوئیل میکرون نے کہا تھا کہ یورپ کو امریکی طاقت سے آزاد کرنے کے لیے یورپ کی مشترکہ ملٹری قوت تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ جوہری معاہدے سے متعلق سرد جنگ ختم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یورپ وَن نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ہمیں خود کو چین، روس اور یہاں تک کہ امریکا سے بچانے کی ضرورت ہے۔ فرانسیسی صدر نے پہلی مرتبہ یہ تجویز دی ہے کہ یورپ کو امریکا سے اپنے دفاع کی ضرورت ہے۔ یہ فوج، جو آرمی سے ہر لحاظ سے کئی گنا چھوٹی ہوگی، مشترکہ ملٹری آپریشن کی صلاحیت، جنگی علاقے سے شہریوں کو باحفاظت نکالنے اور قدرتی آفت سے نکلنے کے لیے مدد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گی۔ ایک مشترکہ کمانڈ پر مبنی یورپی فوج کی تجویز یورپین فیڈرلسٹ کا منصوبہ ہے جو کہ کافی حساس ہے، تاہم یورپی یونین کے دیگر اراکین اپنی حاکمیت کے دفاع کے لیے پریشان ہیں۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ایمانوئیل میکرون کا یورپی فوج سے مراد باہمی دفاع کو مضبوط بنانا تھا۔
خبر کا کوڈ : 760461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش