0
Sunday 11 Nov 2018 14:35

فاٹا کا 95 فیصد انتظامی طور پر انضمام ہوچکا، شاہ فرمان

فاٹا کا 95 فیصد انتظامی طور پر انضمام ہوچکا، شاہ فرمان
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام ہوچکا، کوئی سمجھتا ہے انضمام ختم ہوسکتا ہے تو اپنے دل سے یہ خیال نکال دے۔ فاٹا کا 95 فیصد انتظامی طور پر انضمام ہوچکا، ایک مہینے میں تمام ڈپارٹمنٹس فاٹا سیکرٹریٹ سے صوبائی انتظامیہ کو ٹرانسفر ہوجائیں گے۔ نجی ٹیوی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ پولیس کی فاٹا تک توسیع پر قبائلیوں کے تحفظات ہوئے تو دور کریں گے، فاٹا کیلئے پولیس اہلکار متعلقہ قبائلی علاقوں سے لئے جائیں گے، فاٹا ٹاسک فورس نے کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا جو انضمام کی راہ میں رکاوٹ ہو، فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات آئندہ برس اپریل میں ہوں گے۔

شاہ فرمان نے کہا کہ گورنر کی تنخواہ 80 ہزار ہے اگر یہ زیادہ ہوجائے تو کوئی ناجائز کام نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں سب سے بڑا مسئلہ قبائلی علاقہ جات کا ہے، قبائلی علاقہ جات کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس چلا گیا ہے، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا اور کابینہ ہمارے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہیں، قبائلی ابھی بھی گورنر ہاؤس کے زیادہ قریب ہیں میری تجویز پر قبائلی علاقوں میں گورنر کے اختیارات ختم ہوئے، آئین کے تحت وزیراعلٰی اور کابینہ کے پاس ہی اختیارات ہونے چاہئیں۔ شاہ فرمان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے حوالے سے گورنر کا کردار ایڈوائزری ہے، یونیورسٹیوں میں فاٹا کے طالب علموں کا کوٹہ ختم نہیں کیا گیا، اگر انہیں داخلہ نہیں مل رہا تو غلط ہو رہا ہے، وزیراعظم عمران خان ہفتے میں ایک دفعہ ضرور مجھے بلا کر فاٹا انضمام کیلئے اقدامات کا پوچھتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دوبارہ جرگہ کا فرسودہ نظام نہیں لانا چاہتے، ہم جس جرگہ کی بات کر رہے ہیں یہ سرکاری جرگہ نہیں ہوگا، اس جرگہ میں قبائلیوں کے مشران اور تعلیم یافتہ نوجوان شامل ہوں گے، اگر کوئی عدالت میں نہیں جانا چاہے تو اس کا مسئلہ روایات کے مطابق حل کرنے کیلئے یہ جرگہ ایک فورم ہوگا، اگر ہم جرگہ نہیں بنائیں اور ارکان نامزد نہ کریں تو پرانی طرز کا جرگہ زندہ رہے گا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر باڑ لگا رہے ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے افغانستان اور وسطی ایشیا کے ساتھ ہماری تجارت رکی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 760508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش