0
Sunday 11 Nov 2018 20:33

نوشہرہ، محکمہ ریلوے کا ریٹائرڈ ملازم بینک ہیکرز کے ہتھے چڑھ گیا، 85 ہزار روپے سے محروم

نوشہرہ، محکمہ ریلوے کا ریٹائرڈ ملازم بینک ہیکرز کے ہتھے چڑھ گیا، 85 ہزار روپے سے محروم
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پاکستان ریلویز کے ریٹائرڈ ملازم کو ہیکرز نے 85 ہزار روپے سے محروم کر دیا۔ نوشہرہ کے علاقہ رشکئی سے تعلق رکھنے والے محمد اسرار کے مطابق مجھے 2 موبائل نمبرز اور ایک لینڈ لائن نمبر سے فون کال موصول ہوئی تھی، دوسری جانب مخاطب شخص نے خود کو پاک آرمی کا آفیسر ظاہر کرتے ہوئے مجھ سے میرے اکاؤنٹ کی تصدیق کیلئے معلومات مانگی اور میں نے اُسے تمام تر معلومات فراہم کر دی۔ محمد اسرار کے مطابق جب وہ اگلے روز بینک گیا تو اسے معلوم ہوا کہ ٹیلی فون کرنے والا آرمی آفیسر نہیں بلکہ ایک جعلساز تھا جس نے اُس کے اکاؤنٹ میں موجود تمام رقم 85000 روپے نکال لئے تھے۔ نوسربازوں کی جانب سے اکاؤنٹ سے رقم نکالے جانے کی خبر سُن کر محمد اسرار پر بینک میں ہی دل کا دورہ پڑگیا جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگیا کیونکہ چند روز بعد محمد اسرار کی صاحبزادی کی شادی ہونے والی تھی۔

محمد اسرار کا کہنا ہے کہ اِس فراڈ کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی شکایت کی لیکن تاحال مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ متاثرہ ریٹائرڈ ملازم نے مطالبہ کیا ہے کہ اُسے انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے اُس کی لوٹی گئی رقم اُسے واپس دلائی جائے۔ واضح رہے کہ پاک آرمی نے پہلے ہی سے عوام کو خبردار کر دیا تھا کہ ملک میں ایک ایسا گروہ سرگرم ہے جو خود کو آرمی آفیسر ظاہر کرکے بینک اکاؤنٹس ہولڈرز کو فون کرتے ہیں اور اُن سے معلومات حاصل کرکے اُن کے اکاؤنٹ سے رقم نکال لیتے ہیں لہٰذا ایسے افراد کو معلومات فراہم نہ کی جائے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل قبائلی ضلع خیبر کے علاقہ باڑہ کے رہائشی کو بھی فراڈیوں نے 3 لاکھ روپے سے محروم کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 760582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش