0
Sunday 11 Nov 2018 23:58

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گذشتہ ایک ماہ کے واقعات کی رپورٹ جاری کر دی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گذشتہ ایک ماہ کے واقعات کی رپورٹ جاری کر دی
اسلام ٹائمز۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گذشتہ ایک ماہ کے واقعات کی رپورٹ جاری کر دی، ملکی ائیرپورٹس پر آگ لگنے، جہازوں سے پرندہ ٹکرانے، ہنگامی لینڈنگ اور جہازوں پر لیزر لائٹس مارنے سمیت دیگر واقعات میں خوف ناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ماہ میں پاکستانی ایئرپورٹس سے آپریٹ ہونے والی پی آئی اے، ائیربلو سمیت 6 ایئرلائنز کو 74 حادثات و واقعات پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق سیرین ایئر کو 5 بار حادثات سے دوچار ہونا پڑا، اتحاد امارات اور سعودی ائیر لائنز سمیت دیگر غیر ملکی ائیر لائن کو 30 مرتبہ حادثاتی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ پی آئی اے کو سب سے زیادہ 30 مرتبہ اور ائربلیو کو 3 مرتبہ ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 16 واقعات پیش آئے، جن میں سے غیر ملکی ائیرلائنز اور پی آئی اے کو 7، 7، جبکہ شاہین اور ائیر بلیو کو ایک ایک بار ایسے واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ائرپورٹس سے آپریٹ ہونے والی تین پروازوں کو 15 مرتبہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ غیر ملکی ائرلائن کو 7 مرتبہ اور پی آئی اے، شاہین اور ائیر بلیو کو 8 بار میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا ہوا، جبکہ زمین سے طیاروں پر لیزر لائٹ مارنے کے کل 7 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 5 واقعات غیر ملکی ایئر لائن، جبکہ ایک واقعہ سیرین ایئر اور ایک واقعہ ایئربلیو کے ساتھ پیش آیا۔ اسی طرح طیاروں کے راستہ بھٹکنے کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ خراب موسم کے باعث طیاروں کا رخ موڑنے کے بھی 4 واقعات رپورٹ ہوئے۔ جہازوں کے انجن جلنے، فلائٹ کنٹرول پرابلم اور لینڈنگ گئیر کے تینوں حادثے پی آئی اے کو پیش آئے، جبکہ رن وے بلاک اور ٹیکنیکل لینڈنگ کا واحد واقعہ بھی پی آئی اے کو ہی پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق دیگر نوعیت کے 9 مزید واقعات بھی سامنے آئے، دوران پرواز انجن خراب ہونے کے دو واقعات رونما ہوئے، پی آئی اے کے طیارے کو ایک مرتبہ شدید خراب موسمی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ٹائر پھٹنے کا واحد واقعہ نجی ائرلائن کے ساتھ پیش آیا۔
خبر کا کوڈ : 760629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش