0
Monday 12 Nov 2018 07:57

جنگ عظیم اول کی صد سالہ تقریب

جنگ عظیم اول کی صد سالہ تقریب
اسلام ٹائمز۔ پیرس میں جنگ عظیم اول کی صد سالہ یادگاری تقریب کے انعقاد میں 70 ممالک کے سربراہان اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمر پیوٹن سمیت 70 عالمی رہنما جمع ہوئے جہاں 1918ء میں جنگی بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ فرانس میں چرچ کی گھنٹی بجنے کے بعد تقریب میں شریک رہنماؤں نے آرک دی ٹرائیومف پر نامعلوم سپاہی کے مقبرے کی طرف رخ کیا جہاں کلاسک موسیقی اور جنگ عظیم اول کے سپاہیوں کے یادگاری خطوط پڑھے گئے۔

اس موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے 20 منٹ کے دورانیے پر مشتمل تقریر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کے سبق کو بھولنا نہیں چاہیے اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ قیام امن کی امید کو ختم کرکے تشدد اور تسلط قائم کی کوشش ایک غلطی ہو گی جس کے لیے آئندہ نسلیں ہمیں ذمہ دار ٹھہرائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے خوف کا کھیل کھیلنے کے بجائے اپنی امیدوں کو پورا کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ مغربی ممالک میں 11 نومبر 1918ء کو صبح 11 بجے جنگ کے اختتام کا سگنل دیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت، ہانک کانگ اور میانمار سمیت دنیا بھر میں سالانہ یادگاری تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ کامن ویلتھ ممالک کے رہنماؤں نے دنیا بھر میں امن قائم کرنے کا پیغام دیا، 100 برس قبل برطانوی راج کے تحت مذکورہ ممالک کی افواج نے جنگ میں حصہ لیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 760646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش