0
Monday 12 Nov 2018 14:32

کراچی میں ایک اور بڑا بریک ڈاؤن، 70 فیصد علاقہ بجلی سے محروم

کراچی میں ایک اور بڑا بریک ڈاؤن، 70 فیصد علاقہ بجلی سے محروم
اسلام ٹائمز۔ بجلی کے ایک اور بڑے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شہر قائد کا 70 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج صبح 7 بجے ہونے والے بریک ڈاؤن سے  ڈیفنس، گارڈن، بفرزون، ناظم آباد، گلشن حدید، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بہادر آباد، کلفٹن گلستان جوہر، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صبح سویرے شہریوں کو تعلیمی اداروں اور کام کاج پر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیشنل گرڈ سے بھی سپلائی منقطع ہے اور ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے، تاہم بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج شدید دھند کی وجہ سے سدرن ریجن میں جہاں سے ’کے الیکٹرک‘ کو نیشنل گرڈ سے سپلائی جاتی ہے، وہاں ٹرپنگ شروع ہوئی، مگر کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی ٹرپ کر گیا، جس کے باعث کراچی میں بجلی کی سپلائی کے مسائل پیدا ہوئے، تاہم این ٹی ڈی سی کا باقی سسٹم پورے پاکستان میں بحال ہے۔ واضح رہے کہ شہر میں یہ ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔
خبر کا کوڈ : 760737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش