QR CodeQR Code

مولانا سمیع الحق کے قتل میں وہ قوت ملوث ہے جو افغانستان میں شکست کھا چکی ہے، جے یو آئی

12 Nov 2018 20:11

رہنماؤں نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ مولانا کی شہادت میں وہ قوتیں شریک ہیں، جو پاکستان میں امن عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، ہم میڈیا کے توسط سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ اس سازش کو بے نقاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیں، جس ملک میں مقتول کے قاتل کا سراغ لگانے میں فورسز ناکام رہیں، ان کا قاتل حکومت یا ریاست کو سمجھا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مرکزی نائب امیر مولانا بشیر احمد اور سینیئر رہنما شاہ عبدالعزیز نے ٹاؤن شپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان کی ترجمانی مولانا سمیع الحق نے کی اور پورے پاکستان نے امت مسلمہ کی ترجمانی کی، مولانا سمیع الحق کی شہادت یقیناً پورے ملک کا نقصان ہے، مولانا سمیع الحق کی شہادت پورے ملک کا نقصان ہے، طالبان مذاکرات کیلئے نہیں مان رہے تھے، مولانا سمیع الحق نے بھوربن میں مذاکرت کامیاب بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق وطن عزیز کیلئے امن و امان کی علامت تھے، پاک ایران مذاکرات ہوں یا ماسکو مذاکرات ہوں، مولانا سمیع الحق نے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا قتل ہم اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی سمجھتے ہیں، جو وطن عزیز کے اس عظیم محسن کیخلاف ہونیوالی سازش سے بے خبر رہیں۔ مولانا بشیر احمد نے کہا کہ لوگ شہادتوں پر کیا کچھ نہیں کرتے، مگر ہم اس سب کے باوجود پُرامن رہے، وائس آف امریکہ اور پورے ملک کے میڈیا کے مطابق نماز جنازہ میں 8 لاکھ کے قریب کارکن شریک تھے، مگر ہمارے کسی کارکن نے پورے ملک میں ایک گملا تک نہیں توڑا۔

شاہ عبدالعزیز نے کہا کہ ہم بھی بولنا جانتے ہیں، افغانستان نے مولانا صاحب کو امن کے سفیر کا خطاب دیا تھا، مولانا سمیع الحق کی شہادت کے بعد خو خبریں آئی ہیں 6 لوگ گرفتار کر لئے ہیں، باورچی گن مین کو گرفتار کرنے کے بارے کوئی صداقت نہیں، ہماری سکیورٹی اداروں کیساتھ مسلسل میٹنگز جاری ہیں، مولانا کی شہادت میں وہ قوتیں شریک ہیں، جو پاکستان میں امن عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ شاہ عبدالعزیز نے کہا کہ ہم میڈیا کے توسط سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ اس سازش کو بے نقاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیں، جس ملک میں مقتول کے قاتل کا سراغ لگانے میں فورسز ناکام رہیں، ان کا قاتل حکومت یا ریاست کو سمجھا جاتا ہے، اس قتل میں ہم ان قوتوں کو شامل سمجھتے ہیں، جو افغانستان میں شکست کھانے کے بعد اپنا بوریا بستر گول کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو خوشخبری دینا چاہتے ہیں کہ مولانا سمیع الحق کی پہلی برسی کابل افغانستان میں منائیں گے، پہلی برسی کو فاتحانہ انداز میں منائیں گے، نیٹو جو پوری دنیا میں طاقت کا مظاہرہ کرتی ہے، وہ افغانستان میں ناکام ہوچکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 760754

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/760754/مولانا-سمیع-الحق-کے-قتل-میں-وہ-قوت-ملوث-ہے-جو-افغانستان-شکست-کھا-چکی-جے-یو-ا-ئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org