0
Monday 12 Nov 2018 21:01

حکومت تفتان بارڈر پر زائرین کی مشکلات کا فوری ازالہ کرے، نیاز نقوی

حکومت تفتان بارڈر پر زائرین کی مشکلات کا فوری ازالہ کرے، نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کربلاء میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام پر دنیا بھر سے آئے 3 کروڑ سے زائد سنی شیعہ زائرین کے عظیم الشان اجتماع کے انتظامات اور ان کی بے مثال میزبانی پر عراقی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ مقدس مقامات کی زیارت کے بعد بذریعہ سڑک بسوں پر تفتان بارڈر پر آنیوالے خوش نصیب پاکستانی زائرین کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے متعلقہ ریاستی ادارے پہلے سے انتظات مکمل کرلیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے زائرین کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتوں پاکستان ہاؤس میں بلاوجہ سکیورٹی کے نام پر بٹھائے رکھا جاتا رہا ہے، وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری تفتان بارڈر پر دورے کے دوران مسائل کو قریب سے دیکھ چکے ہیں، نئی حکومت کو نئے جذبے اور ولولے کیساتھ کام کرنا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھاکہ بائی روڈ جانیوالے ہزاروں پاکستانی زائرین کے جاتے وقت جو مشکلات پیش آئیں اب واپسی پر حکومت ان کو آسان کرے کیونکہ متعلقہ اداروں کے پاس جانے والوں کی تعداد وغیرہ کی سب معلومات ہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے سعودی عرب میں شیعہ آبادیوں خصوصاً قطیف میں شاہی خاندان کے سکیورٹی اداروں کی طرف سے چھاپوں، نوجوانوں کی گرفتاریاں اور بچوں اور عورتوں کو زخمی کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، مکتب اہلبیت کے ماننے والوں کو بھی سماجی اور سیاسی حقوق دے اور ظلم و جبر کی پالیسی کو چھوڑ دے۔ علامہ نیاز نقوی نے نائجیریا میں چہلم امام حسینؑ کے موقع پر فوج کا عزاداروں پر حملے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی تحریک نائجیریا کے قائد آیت اللہ ابراہیم زکزاکی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 760809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش