0
Monday 12 Nov 2018 23:51

حکومت آسیہ مسیح کی رہائی سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کرے، حافظ محمد سلفی

حکومت آسیہ مسیح کی رہائی سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کرے، حافظ محمد سلفی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے سرپرست اور جماعت غرباء اہلحدیث کے نائب امیر مولانا حافظ محمد سلفی نے کہا ہے کہ حکومت آسیہ مسیح کی رہائی اور اسے بیرونی ملک بھیجنے کے بارے میں اپنی پوزیشن واضح کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شبان غرباء اہلحدیث کے زیر اہتمام جامعہ ستاریہ کراچی میں منعقدہ آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے میزبان و قائد شان غرباء اہلحدیث علامہ عبدالخالق فریدی، متحدہ علماء محاذ کے بانی جنرل سیکریٹری مولانا محمد امین انصاری، مسلم لیگ (ن) کے علی اکبر گجر، جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبدالکریم عابد، تحریک انصاف کے حاجی مظفر علی شجرہ، پیپلز پارٹی علماء ونگ کے قاری اسماعیل چوہدری، تحریک اتحاد بین المسلمین کے ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، آل پاکستان سنی تحریک کے مطلوب اعوان، جامعہ الاحسان کے مولانا عبدالوکیل ناصر، جماعت الدعوة کے مفتی عبداللطیف، علماء ذاکرین فیڈریشن کے علامہ سجاد شبیر رضوی، سی پی ایل سی کے چیف شبر رضا، تنظیم الاخوان کے لئیق احمد خان، پی ایس پی علماء ونگ کے مفتی علی المرتضیٰ، عافیہ مووومنٹ کے حسین ہمدم، سماجی کونسل کے مزدور رہنما یعقوب احمد شیخ، رانا محمد ارشد محمدی، اہل حدیث رابطہ کونسل کے مولانا امیر عبداللہ فاروقی، جمعیت اہلحدیث کے مولانا مرتضیٰ خان رحمانی، مسلم قومی موومنٹ کے برکت اللہ صدیقی نے خطاب کیا۔

مولانا حافظ محمد سلفی نے کہا کہ توہین رسالت کیس میں نظرثانی پٹیشن کا فیصلہ آئے بغیر آسیہ کی رہائی نے حکومتی کردار پر بڑے بڑے سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ علامہ عبدالخالق فریدی نے کہا کہ مغربی سامراجی قوتیں توہین و گستاخی رسالت میں ملوث مجرموں کو پناہ اور ایوارڈ دے کر پوری امت مسلمہ کی توہین کر رہی ہیں اور مسلم نوجوانوں کے جذبات کو بھڑکا رہی ہیں، جس سے بین المذاہب قیام امن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ مولانا محمد امین انصاری نے آسیہ مسیح کی رہائی کے حکومتی فیصلے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی، جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ مولانا عبدالکریم عابد نے کہا کہ دو ہفتے گزرنے کے بعد بھی مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور بے نقابی حکومتی ناکامی کی واضح دلیل ہے۔ کانفرنس میں منشیات و شراب کے بڑھتے ہوئے استعمال کرنیوالوں اور خرید و فروخت کرنیوالوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 760824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش