QR CodeQR Code

کراچی میں تجاوزات ہٹانے سے قبل پہلے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کیجائے، ثروت اعجاز قادری

12 Nov 2018 23:59

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حکومتی ناقص پالیسیوں کے سبب ملک میں پہلے ہی معاشی بحران ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے غریبوں کیلئے دو قت کی روٹی کو دشوار بنا دیا ہے، ایسی صورتحال حال میں غریبوں سے روزگار چھیننا جمہوریت منافی عمل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومتی ناقص پالیسیوں کے سبب ملک میں پہلے ہی معاشی بحران ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے غریبوں کیلئے دو قت کی روٹی کو دشوار بنا دیا ہے، ایسی صورتحال حال میں غریبوں سے روزگار چھیننا جمہوریت منافی عمل ہے، کراچی میں تجاوزات کے نام پر 50 سال پرانی دکانیں توڑنا غریبوں سے روزگار چھیننے کے مترادف ہے، تجاوزات ختم کرنے کیلئے پہلے پالیسی مرتب کرنا چاہیے تھے، میئر کراچی بادشاہ کی بجائے غریب ترس بنیں۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دوکانداروں کے معاہدے ختم کرنے سے پہلے بتایا جاتا اور وقت فراہم کیا جاتا ہے، اگر یہ ناجائز تھے، تو ان کو کس نے جگہ پر بیٹھنے کی اجازت دی، دوکانداروں اور پتھاریداروں کو پہلے متبادل جگہ دی جاتی، پھر ہٹایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں غریبوں کے چولہے بند ہوگئے، عوام دشمن پالیسیوں نے مایوسیوں کو جنم دیا ہے، قومی، صوبائی اور شہری حکومت کراچی میں تجاوزات  ہٹانے سے قبل پہلے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کریں۔


ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عدالتی حکم نامے کو بہانہ بنا کر غریبوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، بلکہ جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، تجاوزات کو ہٹانے کیلئے قوانین و ضوابط اور انسانی حقوق کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، معاشی حب کی روشنیوں مسقل بنیادوں پر بحال اور ترقی کو تیز کرنے کیلئے عوام دوست پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی پریشان حال ہیں، میئر کراچی ان کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے، تو نمک بھی نہیں چھڑکیں۔ ثروت اعجاز قادری نے قومی و صوبائی اور کراچی کی شہری حکومت سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات ہٹانے سے قبل پہلے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 760826

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/760826/کراچی-میں-تجاوزات-ہٹانے-سے-قبل-پہلے-متاثرین-کو-متبادل-جگہ-فراہم-کیجائے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org