0
Tuesday 13 Nov 2018 14:43

چارسدہ کی سر جُڑی بہنوں صفا اور مروہ کی لندن میں دوسری کامیاب سرجری

چارسدہ کی سر جُڑی بہنوں صفا اور مروہ کی لندن میں دوسری کامیاب سرجری
اسلام ٹائمز۔ چارسدہ کی سر جُڑی بہنوں کا لندن میں دوسرا کامیاب آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے طویل آپریشن کے بعد دونوں بچیوں کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔ لندن کے گریٹ آرمنڈ ہسپتال میں زیرِعلاج چارسدہ کی سر جُڑی بہنوں صفا اور مروہ کی دوسری کامیاب سرجری کر دی گئی۔ پیچیدہ اور 19 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد بچیوں کو آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں 3 دن نگہداشت کے بعد انہیں وارڈ میں منتقل کیا جائے گا۔ دونوں بہنوں کے علاج کیلئے تشکیل دی جانے والی 170 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے بچیوں کے معائنے کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ دونوں کے سر الگ کرنے کیلئے ان کے 5 آپریشن کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے ڈاکٹرز نے پہلے مصنوعی ماڈلز پر تجرباتی آپریشن کیا۔ بچیوں کے جڑے ہوئے سر مکمل طور پر الگ کرنے کیلئے مارچ 2019ء تک ان کی مزید 3 سرجریاں کی جائیں گی۔

آپریشن کی کامیابی کیلئے پاکستان میں بچیوں کے آبائی گاوں ڈھیری زرداد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اہلخانہ پُرامید ہیں کہ بچیوں کے تمام آپریشن کامیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ کی رہائشی زینب بی بی نے جنوری 2017ء میں دو بچیوں کو جنم دیا تھا جن کے سر آپس میں مکمل طور پرجڑے ہوئے تھے۔ معصوم بچیاں پیدائش سے صرف 10 روز قبل باپ کی شفقت سے محروم ہوگئی تھیں۔ ان کے علاج کا بیڑہ سمندرپار پاکستانیوں نے اُٹھایا ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق صفا اور مروہ کے علاج پر 18 کروڑ پاکستانی روپے خرچہ آئے گا۔ لندن روانگی کیلئے پی آئی اے نے بھی خصوصی رعایت دیتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمت میں 95 فیصد تک کمی کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 760936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش