0
Tuesday 13 Nov 2018 20:29

ایس پی طاہر داوڑ کی ہلاکت کی خبر سوشل میڈیا پر سرگرم

ایس پی طاہر داوڑ کی ہلاکت کی خبر سوشل میڈیا پر سرگرم
اسلام ٹائمز۔ چند روز قبل اسلام آباد سے اغوا ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ کو مبینہ طور پر افغانستان میں قتل کر دیا گیا۔ خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ 27 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے۔ تاہم اب سوشل میڈیا پر افغانستان کے صوبے ننگر ہار سے ملنے والی ایک لاش کی تصویر وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ایس پی طاہر خان داوڑ کی ہے۔ سرکاری سطح پر طاہر خان داوڑ کے افغانستان میں قتل کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ نے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر طاہر خان داوڑ کی ہی ہے۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ طاہر داوڑ کا معاملہ حساس ہے، اس پر بات نہیں کرسکتے۔

شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ جن کے پیارے لاپتا ہیں ان کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، قومی سلامتی اور کسی کی زندگی کی بات ہے، اوپن فورم پر بات نہیں کرسکتے۔ ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط قسم کی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، آج کل فوٹو شاپڈ تصویریں بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلا دی جاتی ہیں، اس قسم کی خبریں نہ پھیلائی جائیں اور پھر آپ پر ففتھ جنریشن اور سائبر وار فیئر نافذ کردی گئی ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے ذریعے افغان حکومت سے رابطے میں ہیں، فی الوقت اس خبر کی تصدیق ممکن نہیں، تصدیق کی صورت میں سرکاری بیان جاری کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 760995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش