QR CodeQR Code

پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود ہر شعبے میں دنیا میں خود کو منوایا ہے

پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانیوالے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا، جنرل زبیر محمود حیات

13 Nov 2018 23:46

کراچی کے مقامی ہوٹل میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ سی پیک پاکستان کا گیم چینجر ہے، خطے سے گزرنے والے توانائی کے منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی ہوٹل میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل زبیر حیات نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، اپنی زندگی میں ہی ابھرتا ہوا پاکستان دیکھ رہا ہوں، پاکستان کی باصلاحیت نوجوان نسل سرمایہ ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود ہر شعبے میں دنیا میں خود کو منوایا ہے، تاہم پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی محل وقوع اور خطے کے چیلنجز کی وجہ سے پاکستان کا ایٹمی صلاحیت پر انحصار بڑھ رہا ہے، ایٹمی صلاحیت دفاع کے ساتھ توانائی کی ضرورت پوری کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ سی پیک پاکستان کا گیم چینجر ہے، خطے سے گزرنے والے توانائی کے منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے گزشتہ سال 20 لاکھ سیاح پاکستان آئے۔ انہوں نے کہا کہ گودار کے نزدیک ساحلی علاقوں میں ہائیڈروکاربن گیس کے وسیع ذخائر کی نشاندہی ہوئی، جبکہ فاٹا اگلے 5 سال میں تیل و گیس کے نئے زرخیز علاقے کے طور پر ابھرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کردار اہم ہے، پاکستان واحد اسلامی ملک ہے، جس میں خواتین کو پارلیمان میں نمائندگی دی گئی، یہ تناسب یورپ سے بھی زیادہ ہے، جبکہ پاکستان کو 2 مرتبہ خاتون وزیراعظم منتخب کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔


خبر کا کوڈ: 761035

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/761035/پاکستان-کے-بارے-میں-پھیلائے-جانیوالے-منفی-تاثرات-کا-خاتمہ-کرنا-ہوگا-جنرل-زبیر-محمود-حیات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org