0
Tuesday 13 Nov 2018 23:53

پاکستان نے ایرانی علماء کو رحمۃ اللعالمین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیدی

پاکستان نے ایرانی علماء کو رحمۃ اللعالمین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیدی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے ایران کے پاکستان میں تعینات سفیر مہدی ہنردوست نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ایران کو ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں سے نہ صرف ایک دوسرے کی اقدار اور روایات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کا ذریعہ بھی ثابت ہوتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ایرانی فلم انڈسٹری کا دنیا میں ایک مقام ہے۔

وزیر اطلاعات نے ایرانی فلم اور ڈرامہ آرٹسٹوں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کے تبادلے سے فلم اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں آپسی تجربے سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایرانی سفیر کو رحمۃ اللعالمین کانفرنس میں ایرانی علماء کی شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے حوالے سے رحمۃ العالمین کانفرنس رواں ماہ 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔ ایرانی سفیر نے پاکستان اور ایران کے درمیان فلم اور پروڈکشن کے شعبوں میں مشترکہ پروڈکشنز پر زور دیا۔ وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام کو ایران کی دو سرکاری میڈیا آرگنائیزیشنز کے سربراہوں کو پاکستان آنے کی باقاعدہ دعوت دینے کی ہدایات جاری کیں۔
خبر کا کوڈ : 761038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش