QR CodeQR Code

کراچی کی طرح لاہور کا ملین مارچ بھی تاریخی ہوگا، شاہ اویس نورانی

14 Nov 2018 20:35

جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ آسیہ مسیح کے معاملے میں بیرونی دباؤ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، آسیہ مسیح کو بیرون ملک بھیجا گیا تو آئندہ گستاخانِ رسول سے ماورائے عدالت نمٹنے کا خطرناک رحجان فروغ پائے گا، حکومت نے ناموس رسالت کے معاملے کی حساسیت کو نہ سمجھا تو بہت پچھتائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ دینی جماعتیں‘‘تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ‘‘ میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گی، کراچی کی طرح لاہور کا ملین مارچ بھی تاریخی ہوگا، تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ میں کسی بھی طرح کی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، ملین مارچ کے لاکھوں شرکاء تحفظ ناموس رسالت کیلئے ہر قربانی دینے کا حلف اٹھائیں گے، ناموس رسالت سے غداری کرنے والی حکومت دینی جماعتوں کی یلغار اور للکار کے سامنے ٹھہر نہیں سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کے معاملے میں بیرونی دباؤ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، آسیہ مسیح کو بیرون ملک بھیجا گیا تو آئندہ گستاخانِ رسول سے ماورائے عدالت نمٹنے کا خطرناک رحجان فروغ پائے گا، حکومت نے ناموس رسالت کے معاملے کی حساسیت کو نہ سمجھا تو بہت پچھتائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں مختلف دینی راہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ مال روڈ پر ہونیوالے تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، ملین مارچ میں تمام دینی جماعتوں کے عہدیداران و کارکنان شریک ہوں گے۔

شاہ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ عاشقان رسول ناموس رسالت کے غداروں سے فیصلہ کن جنگ کیلئے تیار ہو چکے ہیں، تحفظ ناموس رسالت تحریک کو ملک بھر میں پھیلایا جائے گا، عید میلادالنبی کے ہر جلوس کو‘‘ تحفظ ناموس رسالت ریلی‘‘ کا نام دیا جائے گا۔ حکومت نے میلادالنبی کے جلسے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے خاطرخواہ انتظامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ عیدمیلادالنبی سے پہلے تمام شہروں کی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، ربیع الاول کے مہینے کو لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے، حکومت سرکاری سطح پر میلادالنبی منانے پر اکتفا کرنے کی بجائے ناموس رسالت کا تحفظ بھی یقینی بنائے، آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنا حکومت کی بدنیتی کی دلیل ہے، سپریم کورٹ آسیہ کیس کی نظرثانی درخواست کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کرے۔


خبر کا کوڈ: 761239

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/761239/کراچی-کی-طرح-لاہور-کا-ملین-مارچ-بھی-تاریخی-ہوگا-شاہ-اویس-نورانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org