0
Wednesday 1 Jun 2011 21:43

اسلام آباد میں اغوا کے بعد قتل کئے جانے والے صحافی سید سلیم شہزاد کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا

اسلام آباد میں اغوا کے بعد قتل کئے جانے والے صحافی سید سلیم شہزاد کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ مقتول صحافی کی میت اسلام آباد سے کراچی لائی گئی، نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ کے قریب ہی مسجد میں ادا کی گئی۔ جس کے بعد مقتول کو ڈیفنس فیز سیون کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، مقتول صحافی کی تدفین کے بعد کراچی یونین آف جرنلسٹ کے دفتر میں پی ایف یو جے کے مرکزی صدر پرویز شوکت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ اگر سلیم شہزاد کے قاتل گرفتار نہیں کیے گئے تو پندرہ جون کو پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ بھکر میں بھی سلیم شہزاد کے قتل کے خلاف صحافیوں نے ڈی سی او آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سلیم شہزاد کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار نہ کیا گیا تو تمام صحافی ملک گیر احتجاج کریں گے۔ واضح رہے کہ صحافی سلیم شہزاد نے کئی ایسے بھیدوں سے پردہ اٹھایا جس کے بعد اسے کئی مرتبہ دھمکیاں مل چکی تھی۔ انہیں آئی ایس آئی کے افس بھی طلب کیا جاتا رہا تاہم اُس وقت مقتول سلیم شہزاد اس ملاقات کو دوستانہ ماحول قرار دیتے رہے۔
سید سلیم شہزاد کے برادرِ نسبتی (سالے) حمزہ امیر کے مطابق سلیم شہزاد کی ستائیس مئی کو ہانگ کانگ کی ویب سائٹ ایشیا ٹائمز میں ایک تحقیقی رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں انہوں نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان بحریہ اور القاعدہ میں مذاکرات کی ناکامی کی وجہ سے شدت پسندوں نے بحریہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ سید سلیم شہزاد، ہانگ کانگ کی نیوز ویب سائٹ ایشیاء ٹائمز آن لائن کے پاکستان میں بیورو چیف تھے جبکہ وہ ایک اطالوی خبر رساں ادارے کے لیے بھی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ بریڈ فورڈ میں قائم پاکستان سیکیورٹی ریسرچ یونٹ کے رکن بھی تھے۔ سلیم شہزاد کی نامعلوم ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بحریہ کے دس کے قریب نچلے گریڈ کے ملازمین کو گرفتار کیا گیا اور انہیں رہا کرانے کے لیے القاعدہ نے نیول حکام کو دھمکیاں بھی دیں تھیں۔ ان کے مطابق مبینہ طور پر جب متعلقہ اہلکاروں کو رہا نہ کیا گیا تو شدت پسندوں نے پہلے کراچی میں نیوی کی بسوں اور بعد میں مہران بیس پر حملہ کر کے طیاروں کو تباہ کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 76126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش