0
Thursday 15 Nov 2018 11:33

ایس پی طاہر داوڑ کو براستہ میانوالی بارڈر پار لے جایا گیا، وزیرداخلہ

ایس پی طاہر داوڑ کو براستہ میانوالی بارڈر پار لے جایا گیا، وزیرداخلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بتایا کہ ایس پی طاہر داوڑ کو اسلام آباد سے اغواء کرنے کے بعد براستہ جہلم اور میانوالی سے بارڈر پار لے جایا گیا تھا۔ نجی ٹیوی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے داخلہ نے بتایا کہ اب تک موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق طاہر داوڑ کو جہلم اور میانوالی سے بارڈر پار لے جایا گیا تھا اور شام تک بہت ساری چیزیں سامنے آ جائیں گی۔ شہریار آفریدی نے بتایا کہ ایس پی قتل کا معاملہ افغانستان میں ہر سطح پر اٹھایا گیا ہے اور ہم ان کی جانب سے جواب کا انتظار کر رہے ہیں، اگر وہاں سے کوئی جواب نہ آیا تو پھر آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر داوڑ اور ان کے اہل خانہ کو خطرات لاحق تھے اور وہ سات سال تک خیبر پختونخوا سے باہر بھی رہے۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ مذکورہ کیس کو مثال بناتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کو ہر قسم کی معلومات سے مکمل آگاہ رکھا جائے گا۔ اسلام آباد سیف سٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں لگائے گئے کیمرے چہرے اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کو شناخت نہیں کر سکتے۔
خبر کا کوڈ : 761332
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش