QR CodeQR Code

وحدت کیجانب اہم قدم، تحریک بیداری امتِ مصطفیٰ کا 12 ربیع الاول کو وحدتِ امت ریلی نکالنے کا اعلان

16 Nov 2018 22:35

ریلی کی قیادت تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ(ص) کے سربراہ استاد علامہ سید جواد نقوی کرینگے جبکہ ریلی میں اہلسنت علمائے کرام اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے طلبہ سمیت شہریوں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوگی۔ ریلی کے انعقاد کیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، جس نے علمائے کرام سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور کی معروف دینی درسگاہ حوزہ علمیہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ(ص) نے 12 ربیع الاول کو اہلسنت بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ’’وحدتِ امت ریلی‘‘ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ریلی جامعہ عروۃ الوثقیٰ چندرائے روڈ سے فیروز پور روڈ پھاٹک تک نکالی جائے گی۔ ریلی کی قیادت تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ(ص) کے سربراہ استاد علامہ سید جواد نقوی کریں گے جبکہ ریلی میں اہلسنت علمائے  کرام اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے طلبہ سمیت شہریوں کی کثیر تعداد بھی شریک ہوگی۔ ریلی کے انعقاد کیلئے انتظامی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، جس نے علمائے کرام سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ(ص) کے ترجمان سید فرحان کے مطابق وحدت امت ریلی پاکستان کی اپنی نوعیت کی منفرد ریلی ہوگی، جس میں شیعہ اور سنی علماء شریک ہوں گے اور حضور نبی کریم (ص) کی امت واحدہ کا پیغام دیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بہت سے اہلسنت علماء نے ہمارے اس اقدام کو سراہا ہے اور یہ ریلی تاریخی ہوگی۔ سید فرحان کا کہنا تھا کہ حضور نبی کریم (ص) کی ذات وہ مرکز ہے، جس پر اُمت متحد ہے، ہم نے اسی نظریئے کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منائیں، جس میں دیگر پروگرامز بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ 16 ربیع الاول کو جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی مسجد بیت العتیق میں ’’وحدت امت اور حرمتِ رسالت‘‘ کے نام سے علمی و فکری کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تمام مسالک کے علمائے کرام، دانشور حضرات اور دیگر شخصیات شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اگلے روز 17 ربیع الاول کو جامعہ عروۃ الوثقی میں ہی میلادالنبی(ص) کی خصوصی تقریب ہوگی، جس میں جامعہ کے طلباء بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 761613

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/761613/وحدت-کیجانب-اہم-قدم-تحریک-بیداری-امت-مصطفی-کا-12-ربیع-الاول-کو-وحدت-امت-ریلی-نکالنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org