0
Monday 19 Nov 2018 12:05

مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں ہے، نٹور سنگھ

مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں ہے، نٹور سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے سابق وزیر خارجہ کے نٹور سنگھ نے بھارت و پاک تعلقات کو دائمی طور پر حادثات کے شکار سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان رشتوں کی مضبوطی اور استحکام ماضی میں مضمر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اصل میں مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں ہے کیوں کہ ہم نے آج تک سبھی آپشنز کو آزما کر دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یک نکاتی پروگرام ہے تاہم اقوام عالم کشمیر کی گھتی سے اب تھک چکی ہے۔ نٹور سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کو اگرخوشحالی اور ترقی کی راہ پر چلنا ہے اور اپنے ممالک میں استحکام کو دوام بخشنا ہے تو انہیں ماضی کی طرف پلٹنا ہوگا۔

بھارت کے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کے تعلق سے اقوام متحدہ میں جاکر بہت بڑی غلطی کا ارتکاب کیا کیونکہ آج تک بہت سارے آپشنز پر کام کیا گیا تاہم مسئلہ کشمیر ہنوز حل طلب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ہی بھارت کے سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی طرف دھکیلا جو کہ ایک بہت بڑی غلطی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اُس وقت اقوام متحدہ کے چپٹر 6 میں چلے گئے جو تنازعات سے متعلق ہے جبکہ اصل میں ہمیں چپٹر 7 کے تحت اپنے کیس کو آگے بڑھانا تھا جو کہ جارحیت سے تعلق رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان سے تعلق رکھنے والا ہر کوئی سیاست دان یہ سمجھتا ہے کہ وہ اپنے دور میں مسئلہ کشمیر کو حل اور بھارت پاک تعلقات کو خوشگوار بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں ہے، ہم نے آج تک سبھی آپشنز کو آزماکر دیکھا، اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دائمی طور پر حادثات کے شکار رہتے ہیں۔ دونوں ممالک کا مستقبل ماضی کی طرف پلٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر دونوں ممالک کے دوران کوئی تبدیلی نہیں دیکھتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 762050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش