QR CodeQR Code

نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس 3 ہفتے میں مکمل کرنیکی مہلت

19 Nov 2018 18:20

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ٹرائل کی مدت میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی دی گئی ڈیڈ لائن میں ٹرائل مکمل کرنا ممکن نہیں۔ نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن میں اب تک 7 بار توسیع ہو چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت مکمل کرنے کے لیے مزید 3 ہفتے کی مہلت دیدی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی العزیزیہ ریفرنس کے ٹرائل میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔ نواز شریف کی طرف سے خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کے ٹرائل میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا، چیف جسٹس نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت نہیں ملے گی۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ٹرائل کی مدت میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی دی گئی ڈیڈ لائن میں ٹرائل مکمل کرنا ممکن نہیں۔ نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن میں اب تک 7 بار توسیع ہو چکی ہے۔ نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس فیصلے میں سپریم کورٹ نے ابتدائی طور پر ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا تھا۔ ٹرائل مکمل نہ ہونے پر پہلے 2 ماہ، پھر دو بار ایک ایک ماہ اور دو مرتبہ چھ چھ ہفتوں کا وقت دیا گیا، آخری بار سپریم کورٹ نے ٹرائل مکمل کرنے کیلیے 17 نومبر کا وقت دیا تھا۔ واضح رہے کہ اب تک احتساب عدالت نے صرف ایک مقدمے ایون فیلڈ کا فیصلہ سنایا ہے جس میں نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 762165

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/762165/نواز-شریف-کے-خلاف-العزیزیہ-ریفرنس-3-ہفتے-میں-مکمل-کرنیکی-مہلت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org