0
Monday 19 Nov 2018 23:26

شیعہ سنی ملکر کر پورے ملک میں 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منائینگے، علامہ احمد اقبال رضوی

شیعہ سنی ملکر کر پورے ملک میں 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت منائینگے، علامہ احمد اقبال رضوی
 اسلام ٹائمز۔ جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر شیعہ سنی ملکر کر پورے ملک میں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منائیں گے، اس پورے ہفتے میں مشترکہ اجتماعات کریں گے، ریلیوں میں شرکت کریں گے اور عظیم وحدت کا پیغام دیں گے، ہم تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیں، ملک کے چپے چپے میں شیعہ سنی مل کر میلادالبنی (ص) کے جلوس نکالیں، ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سبیلیں لگائیں اور شرکائے جلوس کا استقبال کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مرزا یوسف حسین، اہل سنت عالم دین مولانا منظر الحق تھانوی، مولانا قاضی احمد نورانی اور مطلوب اعوان قادری نے جشن ولادت باسعادت نبی آخرالزمان (ص) کی آمد کے موقع پر وحدت ہاؤس کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی، علامہ سجاد شبیر، علامہ نثار قلندری، مولانا ملک عباس، احسن عباس رضوی، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، مولانا عبداللہ جوناگڑھی الحسینی، مولانا مبشر قادری اور دیگر موجود تھے۔

کانفرنس سے خطاب میں علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح سرزمین پاکستان میں بھی شیعہ سنی متحد ہیں، کوئی فرقہ واریت نہیں ہے، چند مٹھی بھر تکفیری سوچ کے حامل افراد ملک کے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں، جنہیں ہم اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے، نبی کریم (ص) کی ذات اقدس دنیا بھر میں مسلمانوں کیلئے نقطہ وحدت ہے، عالم اسلام معاشرتی مشکلات اور عالم کفر کی سازشوں سے نبردآزما ہونے کیلئے سیرت پیغمبر ختمی مرتب (ص) سے استفادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کی زد پر ہے، یمن، نائجیریا، عراق، شام امریکی گماشتوں کی تجربہ گاہ بنے ہوئے ہیں، امت مسلمہ کو قرآن و سنت اور اہلبیت (ع) سے متمسک رہ کر عالم کفر کی تمام تر نجس سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان میں تکفیری سوچ کے حامل مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو محب رسول (ص) شیعہ سنی عوام پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، جسے عوام کو تدبر اور فرصت کے ساتھ ناکام بنانا ہوگا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہلِ سنت عالم دین مولانا منظر الحق تھانوی کا کہنا تھا کہ نبی کریم (ص) کی ولادت باسعادت کے موقع پر تمام امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، رسول اکرم (ص) کا یوم ولادت تمام عالم اسلام کیلئے اتحاد و یکجہتی کا مظہر ہے، نبی کریم (ص) کی تعلیمات کی روشنی میں تمام مسالک و مذاہب کو بھائی چارے، اتحاد اور باہمی رواداری پر مشتمل معاشرے کو فروغ دینا چاہیئے، آج جشن میلاد النبی (ص) کے پرمسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے تمام مسالک کے علماء کی یہ مشترکہ پریس کانفرنس اتحاد امت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کانفرنس سے جمیعت علماء پاکستان کے صوبائی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نبی کریم (ص) کے جشن میلاد کے موقع پر یہ اعلان کر رہے ہیں کہ پوری قوم ناموس مصطفیٰ (ص) کے تحفط اور عقیدہ ختم نبوت (ص) کے تحفظ کیلئے متحد ہے، نبی کریم (ص) کی ذات گرامی کی والہانہ محبت میں کسی بھی قسم کی کوئی تفریق نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 762220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش