0
Tuesday 20 Nov 2018 15:45

کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز، ٹریک کا معائنہ

کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے اقدامات کا آغاز، ٹریک کا معائنہ
اسلام ٹائمز۔ کراچی سر کلر ریلوے کی بحالی کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے ڈپٹی کمشنرز اور ریلوے حکام کے ہمراہ ریلوے ٹریک کا دورہ کیا اور ٹریکس، ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی، پلیٹ فارم اور بکنگ دفاتر کی صورتحال دیکھی اور ریلوے ٹریکس اور رائٹ آف وے پر تجاوزات کا معائنہ بھی کیا۔ کمشنر نے ریلوے حکام کو ریلوے ٹریکس کی بحالی، اسٹیشنوں پر صفائی اور مرمت کا کام فوری شروع کر نے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیشنوں پر ہر اسٹیشن کا نام واضح اور خوبصورت طریقے سے لکھا جائے، بکنگ آفس اور پلیٹ فارم پر رنگ و روغن بھی کیا جائے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے پاکستان ریلوے ترجیحی اقدامات کرے تاکہ جلد از جلد ٹرین چلائی جاسکے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی بحالی میں حائل تجاوزات کے خاتمے کے لئے فوری کارروائی کریں۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ارشد سلام خٹک، ڈپٹی کمشنر غربی زاہد میمن، ڈپٹی کمشنر وسطی فرحان غنی، ڈپٹی کمشنر شرقی علی احمد صدیقی اور بلدیاتی اداروں کے متعلقہ افسران نے انہیں بریفنگ دی۔ کمشنر افتخار شلوانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ کمشنر نے وزیر مینشن سے آغاز کرتے ہوئے سرکلر ریلوے کے 29 کلومیٹر پر محیط روٹ کا دورہ کیا، ہر اسٹیشن اور ٹریک کو دیکھا جن میں وزیر مینشن، بلدیہ، شاہ عبداللطیف، سائٹ، منگھوپیر، حبیب بینک، اورنگی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، یاسین آباد، گیلانی، نیپا، الہ دین پارک، ہل ویو، ڈرگ روڈ، کارساز ہالٹ اسٹیشن شامل تھے۔ جن مقامات پر پلیٹ فارم اور ٹریک پر جھگیاں، جھاڑیاں، کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو انہیں فوری ہٹانے کے لئے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ بلدیہ کے تعاون سے تجاوزات ہٹانے کا کام جلد از جلد شروع کریں، سرکلر ریلوے کو دوبارہ شروع کرنے میں کوئی ایسی رکاوٹ نہیں ہے جو دور نہ کی جاسکے۔ ڈی ایس ریلوے نے کمشنر کو بتایا کہ اکثریتی ٹریک قابل استعمال حالت میں ہے اور اس ٹریک پر ٹرین شروع کی جاسکتی ہے۔ کمشنر نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ فوی طور پر ٹریک پر موجود تجاوزات، تجارتی سرگرمیوں سمیت دیگر سرگرمیوں کا خاتمہ کریں اور جلد از جلد اس قابل بنائیں کہ ریلوے ٹریک شرو ع کیا جاسکے۔ ڈی ایس ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے ریلوے ٹریکس کی بحالی اور ٹریک پر جھاڑیوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسطی نے بتایا کہ لیاقت آباد فرنیچر مارکیٹ کے دکانداروں کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں دو روز میں ہٹانے کا کام شروع کردیا جائے گا۔ کمشنر نے حبیب بینک اسٹیشن کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر غربی کو ہدایت کی کہ وہ ٹریک کے نزدیک قائم فیکٹری کو نوٹس جاری کریں اور پابند کریں کہ وہ صنعتی فضلہ ٹریک پر ڈالنے سے گریز کرے۔
خبر کا کوڈ : 762364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش