QR CodeQR Code

وزیرستان ایجنسی میں فوجی آپریشن کے حوالے سے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جے یو آئی فاٹا

2 Jun 2011 10:19

اسلام ٹائمز:مولانا سید نیک زمان حقانی نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے قبائل امریکی ڈرون حملوں میں بے گناہ قبائلیوں کی ہلاکت پر سخت افسردہ اور غمزدہ ہیں ایسے حالات میں حکومت پاکستان کی جانب سے آپریشن کا فیصلہ ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بندوق کے زور پر کسی بھی علاقے میں امن قائم نہیں ہوا ہے


بنوں:اسلام ٹائمز۔ سابق ایم این اے اور جے یو آئی فاٹا کے جنرل سیکرٹری مولانا سید نیک زمان حقانی نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں فوجی آپریشن کے حوالے سے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن سے گریز کرتے ہوئے سابقہ دور میں ہونیوالے امن معاہدے کی پاسداری کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ ضیاء القرآن بنوں میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جے یو آئی شمالی وزیرستان ایجنسی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد عالم اور میڈیا ایڈوائزر فرہاد علی بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں حکومت اور مقامی قبائل کے مابین ایک معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد پوری ایجنسی میں امن قائم ہو گیا ہے اور اب تک وہاں پر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونماء نہیں ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور کرزئی حکومت افغانستان میں اپنی ناکامی کی خفت اور شرمندگی مٹانے کیلئے پاکستان پر شمالی وزیرستان ایجنسی میں فوجی آپریشن کیلئے دباو ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے قبائل امریکی ڈرون حملوں میں بے گناہ قبائلیوں کی ہلاکت پر سخت افسردہ اور غمزدہ ہیں، ایسے حالات حکومت پاکستان کی جانب سے آپریشن کا فیصلہ ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بندوق کے زور پر کسی بھی علاقے میں امن قائم نہیں ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 76245

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/76245/وزیرستان-ایجنسی-میں-فوجی-آپریشن-کے-حوالے-سے-حکومتی-فیصلے-کی-شدید-مذمت-کرتے-ہیں-جے-یو-آئی-فاٹا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org