0
Wednesday 21 Nov 2018 19:21

چند لوگ مذہب کی فیکٹری لگاکر اپنے پسند کا برانڈ پیدا کر رہے ہیں، حفیظ الرحمان

چند لوگ مذہب کی فیکٹری لگاکر اپنے پسند کا برانڈ پیدا کر رہے ہیں، حفیظ الرحمان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ آنحضرت محمد ؐ کی سنت پر غیر مسلم زیادہ عمل کر رہے ہیں۔ یتیموں، مظلوموں اور غریبوں و بھوکوں کے حقوق کا خیال رکھا جاتا ہے، بدقسمتی سے ہم حضور ؐ کی تعلیمات پر عمل نہیں کر رہے، جو ہمارے زوال اور فساد فی الارض کا باعث بن رہی ہیں، مدینہ کی ریاست بنانے کی اللہ ہر ایک کو توفیق دے، لیکن ریاست مدینہ کو اپنی سیاست اور ریاکاری کیلئے استعمال کرنے سے خدا ہمیں محفوظ رکھے۔ فاطمہ جناح ڈگری کالج برائے خواتین میں جشن عید میلادالنبی ؐ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ حضرت محمد ؐ کو رحمت العالمین بنا کر دنیا میں بھیجا گیا، آپؐ نے انسانیت، تہذیب اور اخلاقیات کا درس دیا۔ الحمد اللہ ہم سب دین محمدی کے ماننے والے ہیں، بھوکوں کو کھانا کھلانا، یتیموں اور غریبوں کی داد رسی اور ہمسائیوں کے حقوق کی تر غیب دی گئی ہے، بدقسمتی سے ہم حضورؐ کی تعلیمات پر عمل نہیں کر رہے ہیں، جو ہمارے زوال اور فساد فی الارض کا باعث بن رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توہین رسالت کے قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، لیکن بدقسمتی سے پچھلے دنوں چند لوگوں نے اس قانون کو مذاق بنا لیا ہے۔ جس نے یورپ میں پناہ لینا ہو، وہ اس قسم کی شرارت کرتا ہے اور ہم بھی بدقسمتی سے اس کو اچھالتے ہیں۔ حکومتوں کو گرانے کے لئے چند لوگوں کو سپورٹ کیا جاتا ہے۔ وہ قتل کے فتوے دے کر بھی دندناتے پھرتے ہیں اور زمین پر فساد پھیلاتے ہیں افسوس کہ ان کے گریبانوں تک ہمارے ہاتھ نہیں پہنچتے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ہمیں حضورؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے علاقے میں اس مقدس نام کے حوالے سے اعتدال ہے، جو خوش آئند ہے۔ حضور ؐ نے بھی ہمیشہ برداشت کا درس دیا ہے، معاشرے میں امن و اتحاد کے لئے برداشت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ کسی قسم کے بھی مسائل پیدا نہ ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ چند لوگ مذہب کی فیکٹری لگا کر اپنے پسند کا برانڈ پیدا کرتے ہیں۔ حضورؐ کے نام پر سیاست کی جاتی ہے، ایسے لوگوں کو بدقسمتی سے ماضی میں سپورٹ کیا گیا اور حکومتوں کیخلاف استعمال کیا گیا۔ آج جس کے منفی ثمرات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ برداشت اور اعتدال حضورؐ کی تعلیمات ہیں۔ حضورؐ کی پیدائش کے حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے، لیکن اس کو فساد اور جھگڑے کا باعث نہیں بنانا چاہیئے۔ حضورؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہماری دنیا اور آخرت سنور سکتی ہے۔ عقیدہ ہمارے پاس ہے اور عمل دوسروں کے پاس ہے، جو بدقسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بات کی جاتی ہے، ہماری دعا ہے کہ مدینہ کی ریاست بنانے کی اللہ ہر ایک کو توفیق دے، لیکن ریاست مدینہ کو اپنی سیاست اور ریاکاری کیلئے استعمال کرنے سے خدا ہمیں محفوظ رکھے۔
خبر کا کوڈ : 762585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش