0
Wednesday 21 Nov 2018 22:49

مسلم حکمران مغرب کیبجائے آقا کریمؐ کی سیرت اپنائیں تو امن کو فروغ ملے گا، ثروت اعجاز قادری

مسلم حکمران مغرب کیبجائے آقا کریمؐ کی سیرت اپنائیں تو امن کو فروغ ملے گا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ میلاد مصطفیٰﷺ کی جشن صبح بہاراں کے سلسلے میں عالم اسلام دورود و سلام کی صداؤں سے گونج رہا ہے، میلاد مصطفیٰﷺ ہمیں دینی، قومی، ملی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینے کا پیغام دیتا ہے، سرکار دو عالمﷺ وجہ تخلیق کائنات اور تمام عالم کیلئے رحمت ہیں، اسوہ حسنہ پر عمل پیر ہو کر ہی اسلام کو ترقی اور اسلام و ملک دشمن قوتوں کو شکست دی جا سکتی ہے، مسلم حکمران مغرب کی بجائے آقا کریمﷺ کی سیرت اپنائیں، تو امن و سلامتی کو فروغ ملے گا، دین اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے، انتہاپسندوں نے اسلام کے چہرے کو مسخ اور نقصان پہنچانے کیلئے اپنا بناؤٹی مذہب مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی، جس کو نبی کریم کے غلاموں نے ناکام بنایا، ریاست کے اندر ریاست کسی کو نہیں بنانے دینگے، افغانستان کے دارالحکومت کابل میں میلاد کی محفل میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں نمائش چورنگی پر میلاد جلوس کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ، محمد مبین قادری، محمد شہزاد قادری، محمد آفتاب قادری، محمد طیب قادری، آصف رضا قادری، محمد سلیم قادری اور علماء ومشائخ بھی موجود تھے۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اگر کوئی انتہاپسندی اور دہشتگردی کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کریگا، تو ہر محب وطن ایسے عناصر کو کچلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے، ملک دشمنوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم امن پسند ہیں، پاکستان کی پُرامن پالیسی کو کمزوری سے تعبیر نہیں کیا جائے، پاکستان کے عوام ملک کی سلامتی کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف شہید ہونیوالے پاک فوج، رینجرز، پولیس کے جوانوں و افسران کو سلام پیش کرتے ہیں، ہائبرڈ جنگ سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عوام انتہاپسندی کرنیوالوں پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی عاشقان رسولؐ کا شہر اور پاکستان کا معاشی حب ہے، حکومت معاشی حب کی ترقی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر چلانے کیلئے ملک میں فوری طور پر نظام مصطفیٰ (ص) کا نفاذ کیا جائے، پاکستان میں لبرل ازم، سیکولرازم و کمیونزم سارے نظام فیل ہوگئے، اب عاشقان رسول ملک میں نظام مصطفیٰﷺ کا نفاذ چاہتے ہیں۔

سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ ملک میں نظام مصطفیٰﷺ کا نفاذ لا کر ہی ظلم و ستم کو ختم اور عوام کو انصاف اور بنیادی حقوق مہیا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت مسلمانوں کا ریڈ زون ہے، ریڈ زون میں گھسنے اور چوری کی سزا کو یقینی بنانے کیلئے عدالت عظمیٰ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں میلاد کی محفل میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، افغانستان صوفیاء کے ماننے والوں کی سرزمین ہے، دہشتگرد امن اور اسلام کے دشمن ہیں، دنیا میں امن صوفیاء کرام کے ماننے والے ہی قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے والوں کی آنکھ پھوڑنا جانتے ہیں، مر سکتے ہیں لیکن پاکستان کی سلامتی پر کسی بھی طرح کی آنچ آنے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ آقا کریمﷺ کا یوم ولادت ہمیں اسلام دشمن قوتوں کے خلاف یکجا ہونے کا درس دیتا ہے، انتہاپسندی کو ختم کرنے کیلئے اولیاء اللہ کی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 762590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش