0
Wednesday 21 Nov 2018 23:50

اپوزیشن حکومت کرانا چاہتی ہے، کوئی مک مکا نہیں ہوگا سب کو جیل میں ڈالیں گے، عمران خان

اپوزیشن حکومت کرانا چاہتی ہے، کوئی مک مکا نہیں ہوگا سب کو جیل میں ڈالیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شور مچانے والوں کو پتہ ہے کہ انہوں نے جلد جیل میں جانا ہے جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ان لوگوں کے لیے خطرہ بڑھتا جارہا ہے، جبکہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت جلد سے جلد گر جائے۔کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اپوزیشن کو جلدی ہے کہ حکومت گرجائے، ان کو تو اتنی جلدی ہے کہ پہلے دن ہی کہہ دیا کہ حکومت ناکام ہوگئی، کم از کم حکومت کو 90 دن تو دے دیتے، انہوں نے تو نئے وزیراعظم کو پہلی تقریر بھی نہیں کرنے دی، شور مچانے والوں کو پتہ ہے کہ انہوں نے جیل میں جانا ہے، اپوزیشن کی دینی ہوں یا لبرل جماعتیں سب ’جمہوریت‘ بچانے لیےاکٹھی ہورہی ہیں یہ لوگ’ جمہوریت‘ بچانے کے لیےجمع نہیں ہو رہے بلکہ اپنی چوری چھپانے کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کسی کو این آر او دے گئی نہ کوئی میثاق جمہوریت کرے گی، کوئی مک مکا نہیں ہوگا سب کو جیل میں ڈالیں گے، جب میں کہتا ہوں چوروں کو جیل میں ڈالنا ہے تو اپوزیشن کھڑی ہوجاتی ہے، حالانکہ میں نے کسی کا نام بھی نہیں لیا اور نہ ابھی تک ہم نے کوئی نیب کیس بنایا ہے، ان لوگوں پر نیب کے سب کیس پچھلی حکومت میں بنے ہیں، ابھی ہم نے کیس کرنے ہیں لیکن یہ لوگ ابھی سے ڈرے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات بڑھانےکیلئے پورا زور لگائیں گے، سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے گورننس بہتر کرنے کی ضرورت ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو پیسہ کمانے میں بھرپور مدد کریں گے وہ وقت دور نہیں جب ہم دوسرے ممالک کو قرضے دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قانونی راستے سے پیسہ بھجیں، وزیر خزانہ اس سلسلے میں ان کے لیے سہولیات پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، اس وقت باہر سے پاکستانی 20 ارب ڈالر بھیجتے ہیں جبکہ مزید 10 سے 15 ارب ڈالر آسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے منی لانڈرنگ روکنے کے لیے قوانین سخت کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے جسے روکنے کے لیے قوانین کو مزید سخت کیا جارہا ہے، منی لانڈرنگ کی تفصیلات آنا شروع ہوگئی ہیں اور پتہ لگایا جارہا ہے کہ کس کس ناجائز طریقے سے پیسہ باہر بھیجا گیا۔

 
خبر کا کوڈ : 762610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش