QR CodeQR Code

کچھ ممالک پاک چین تعلقات میں رکاوٹ بننا چاہ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

23 Nov 2018 13:31

میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ اس ملک میں استحکام اور امن ہو، یہ قوتیں معاشی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز نے انکے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور کچھ قوتیں دونوں ممالک کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں۔ قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم تینوں حملہ آور مارے گئے، اب معاملہ کنٹرول میں ہے اور علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملہ ناکام بنانے میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی قابل تحسین ہے، قونصلیٹ میں کام کرنے والے تمام 21 ملازمین محفوظ ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملہ دہشتگردوں کا بزدلانہ عمل تھا۔

انہوں نے کہا کہ معلوم ہے کہ حملے میں کون ملوث ہے، تاہم ہم نے ایسی قوتوں سے نمٹنے کے لئے فورس بھی تیار کر رکھی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ اس ملک میں استحکام اور امن ہو، یہ قوتیں معاشی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے راستے میں یہ قوتیں رکاوٹ بننا چاہتی ہیں، تاہم وہ اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 762788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/762788/کچھ-ممالک-پاک-چین-تعلقات-میں-رکاوٹ-بننا-چاہ-رہے-ہیں-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org