0
Friday 23 Nov 2018 21:23

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام عید میلادالنبی (ص) ریلی، اہلسنت اکابرین اور علماء کی بھی شرکت

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام عید میلادالنبی (ص) ریلی، اہلسنت اکابرین اور علماء کی بھی شرکت
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے جشن عید میلاد النبی (ص) ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، مولانا عمران ظفر، مولانا ہادی حسین ہادی، متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں زاہد بلال قریشی، رکن الدین حامدی، رائو محمد عارف رضوی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما میجر اقبال چغتائی، سید وسیم عباس زیدی، سید محمد علی کاظمی سمیت دیگر نے کی۔ ریلی کا جگہ جگہ پر گل پاشی کے ذریعے استقبال کیا گیا، ریلی اپنے سابقہ راستوں سے ہوتی دولت گیٹ چوک پہنچی، جہاں پر عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، ریلی میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈل توجہ کا مرکز رہے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد ووحدت کی اشد ضرورت ہے، رسول خدا کی ذات تمام عالم اسلام کے لیے نقطہ اتحاد ہے، ہمیں رسول خدا کی محبت میں ایک ہونے کی ضرورت ہے، آج دشمن نے پھر پاکستان کو لہو لہان کر دیا، کراچی اور ہنگو میں 30 سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں، دہشتگرد کسی بھی صورت اسلام کی خدمت نہیں کر رہے ہیں، ہم کراچی میں شہید ہونے والے پولیس کے شہداء اور ہنگو میں شہید ہونے والی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال عاشقان مصطفیٰ کے جوش و جذبے اور ولولے میں اضافہ نظر آرہا ہے، متحدہ میلاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے میلاد النبی ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہے، ہمیں اس شہر اور ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اسی اخوت اور محبت کی ضرورت ہے، ہم عاشقان مصطفیٰ کے خادم ہیں، 12 ربیع الاول کے موقع پر اہلیان ملتان نے جس محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ ریلی دولت گیٹ چوک، حسین آگاہی بازار سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ پر اختتام پذیر ہوئی، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم اس ملک میں شیعہ سنی وحدت کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت کی جانب سے عید میلاد النبی کے موقع پر انتظامات قابل تحسین ہیں۔
خبر کا کوڈ : 762851
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش