0
Saturday 24 Nov 2018 17:48

الطاف حسین اور انکے اہلخانہ سے منسوب تمام مقامات کے نام کی فوری تبدیلی کا فیصلہ

الطاف حسین اور انکے اہلخانہ سے منسوب تمام مقامات کے نام کی فوری تبدیلی کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین اور ان کے اہلخانہ سے منسوب کراچی کی شاہراہوں سمیت دیگر مقامات کے نام کی فوری تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔ صوبائی حکومت نے خط لکھ کر متعلقہ محکموں سے اس حوالے سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی گئی، بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اور ان کے اہلخانہ کے نام سے منسوب عوامی مقامات کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ 30 دسمبر 2017ء کو سندھ کابینہ اور 8 مارچ 2018ء کو ہونے والے سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے محکمہ صحت، بلدیات، تعلیم ، کمشنر کراچی، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ سمیت 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو لکھے گئے خط میں متحدہ قومی موومنٹ کے بانی اور ان کے اہلخانہ کے نام سے منسوب شاہراہوں، عوامی مقامات یا عمارتوں کے نام کی تبدیلی سے متعلق عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

خط میں ایسے 51 مقامات کی فہرست بھیجتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں نے ناموں کی تبدیلی کے فیصلے پر کس حد تک عملدرآمد کیا، کیا اس فہرست کے علاوہ بھی کچھ ایسے مقامات ہیں، تمام ادارے 27 نومبر تک معلومات فراہم کر دیں، جس کے بعد اسے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو بھیجی گئی فہرست کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اور ان کے اہلخانہ کے ناموں سے منسوب مقامات میں 18 پارکس ،17 اسکول، ایک یونیورسٹی، دو لائبریریز، 4 ڈسپنسریاں، 7 گلیاں، پل، انڈرپاسز، 2 کمیونٹی ہال اور ایک کرکٹ اکیڈمی شامل ہے۔

یہ تمام مقامات بانی ایم کیو ایم الطاف حسین، ان کے والد نذیر حسین، والدہ خورشید بیگم اور بیٹی افضاء الطاف سے منسوب ہیں۔ اس سے قبل بھی ایسے کچھ مقامات کے نام تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں 27 مارچ 2017ء کو منظور کیے جانے والے بل کے تحت الطاف حسین یونیورسٹی کے کراچی اور حیدرآباد میں موجود کیمپس کا نام عبدالستار ایدھی اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے نام پر رکھا گیا۔  سال 2016ء میں سندھ حکومت، ایم کیو ایم کے گڑھ عزیزآباد میں واقع مکہ چوک کا نام بھی تبدیل کرکے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے نام پر رکھ چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 763016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش