0
Sunday 25 Nov 2018 04:48

خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد مفتی منیب الرحمن کو نظر بند کردیا گیا

خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد مفتی منیب الرحمن کو نظر بند کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کے بعد ملک کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمن کو بھی کراچی میں ان کے گھر پر نظر بند کرتے ہوئے ان کے گھر سے باہر نکلنے اور تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت علمائے پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں نے مفتی منیب الرحمن کی گرفتاری و نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی منیب الرحمن تمام مکاتب فکر کے لئے قابل احترام شخصیت ہیں، ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ان کو قید کرنا بدترین آمریت کی علامت ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے حکومتی ہدایت پر رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کو کراچی میں ان کے گھر پر نظر بند کرتے ہوئے ان کے گھر سے باہر نکلنے اور ملاقاتوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری ان کی رہائش گاہ پر تعینات کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب کراچی میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد کراچی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے بھی تحریک لبیک کی حمایت کرتے تھے، خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد اب وہ غیر مشروط طور پر نہ صرف ان کی حمایت کریں گے بلکہ تحریک لبیک کے دیگر ذمہ داران کے ساتھ کھڑے بھی ہوں گے، رات گئے ہونے والے اس خطاب کے بعد سیکیورٹی اداروں نے مفتی منیب الرحمن کو گھر میں نظر بند کرتے ہوئے ان کی تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے اور ان کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 763099
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش