0
Sunday 25 Nov 2018 12:11

سی پیک کے تحت بلوچستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے چین سے بات کرینگے، ظہور احمد بلیدی

سی پیک کے تحت بلوچستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے چین سے بات کرینگے، ظہور احمد بلیدی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بلوچستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے صوبائی حکومت چین سے بات کریگی۔ بلوچستان میں مالی بحران سے نمٹ رہے ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان کے معاونین کی تقرریوں سے متعلق کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے کہ قدوس بزنجو اور سردار سرفراز ڈومکی ہم سے دور چلے جائیں گے۔ بلوچستان میں ہزاروں ایکٹر بنجر زمینوں کو آباد کرنے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور ورلڈ بینک سے قرضہ لیں گے۔ گوادر میں پانی کے مسئلہ کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدمات اٹھائے گئے ہیں۔ محکمہ صحت میں 17 سے 19 گریڈ تک کے افسران کے تبادلوں کا اختیار سیکرٹری صحت کو تفویض کر دیا ہے۔ بلوچستان سے کرپشن کا خاتمہ، تعلیم، صحت کے شعبوں میں ترقی امن کا قیام، ٹیکس کی وصولی، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گذشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلہ کئے گئے ہیں۔ بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک سے قرضہ لیکر 120 ایکڑ زرعی زمین کو آباد کیا جائیگا، جس سے مولہ، ژوب اور قلعہ سیف اللہ سمیت خضدار بیلہ کے علاقوں کو فائدہ پہنچے گا۔ کابینہ کے اجلاس نے بلوچستان بینک کے قیام کی منظوری دی ہے۔ گذشتہ 23 سالوں سے تعطل کا شکار تربت بلیدی روڈ کا کام شروع کردیا گیا ہے، جسے آئندہ ڈیڑہ سالوں میں مکمل کرلیا جائیگا۔ کابینہ نے دیامر اور بھاشا ڈیم میں ٹیکس کولیکشن کو ٹیکس سے مستثنٰی قرار دینے کی منظوری دی ہے۔

فاطمہ جناح چسٹ ہسپتال کو خود مختیار بنایا جائیگا۔ محکمہ صحت میں 17 سے 19 گریڈ تک کے افسران کے تبادلوں کا اختیار صوبائی سیکرٹری صحت کو تفویض کر دیا ہے۔ بلوچستان میں مائنز ویلفیئر فنڈز قائم کرکے کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مائنز مالکان کو کان کنوں کو تربیت فراہم کرنے کا پابند بنایا جائیگا۔ گوادر پسنی جیونی میں پانی کے بحران کے خاتمے کیلئے پالیسی بنائی گئی ہے، جس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ بلوچستان حکومت کی توجہ صوبے میں گڈ گورننس کے قیام پر ہے۔ گذشتہ دور حکومتوں میں ہونے والی تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے شکایتی سیل قائم کر دی ہے، جو سمجھتا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ وہ شکایات سیل میں اپنی شکایت درج کرائے حکومت اس پر کارروائی کریگی۔ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کسی کو بے روزگار کریں۔ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ نہیں کٹ رہا۔ نئے این ایف سی ایوارڈ میں وفاق سے مزید رقم کا مطالبہ کرینگے۔ بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت چار حصوں میں پیسہ مل رہا ہے، جن میں 80 فیصد رقم آبادی، 10 فیصد غربت و پسماندگی اور پانچ فیصد ریونیو جنریشن کو مدنظر رکھ کر دی جارہی ہے۔ اٹھارویں این ایف سی ایوارڈ میں گوادر میں سی پیک کے تحت چلنے والے منصوبوں کی مد میں وفاق سے بلوچستان کا حصہ بڑھانے کا مطالبہ کرینگے۔ وزیراعظم نے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل اہم منصوبوں کو ختم نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

قدوس بزنجو اور سردار سرفراز ڈومکی ہمارے ساتھ ہیں۔ کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ وہ ہم سے دور چلے جائیں گے۔ چینی قونصل خانہ پر حملہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ سرکاری محکموں میں تعینات جونیئر افسران کو کلیدی عہدوں سے ہٹانے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان کے مشیروں کی تعیناتیوں سے متعلق کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔
خبر کا کوڈ : 763120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش