0
Sunday 25 Nov 2018 18:10

لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کرکے رینجرز تعینات، متعدد افراد گرفتار

لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کرکے رینجرز تعینات، متعدد افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ انتظامیہ نے تحریک لبیک کا احتجاج ناکام بنانے کے لیے لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کرکے رینجرز تعینات کردی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں آسیہ کی رہائی کے خلاف تحریک لبیک کا احتجاجی جلسہ روکنے کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ کو بھی سیل کرکے رینجرز تعینات کردی گئی ہے جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں اور حامیوں نے ٹولیوں کی شکل میں لیاقت باغ پہنچنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کی جانب سے مری روڈ اور لیاقت باغ و فیض آباد جانے والے ایک ایک شخص کی چیکنگ کی جاری ہے۔ تحریک لبیک پاکستان نے لیاقت باغ میں آج فیض آباد دھرنے کے دوران جاں بحق کارکنوں کی برسی اور ناموس رسالت ﷺ جلسے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے جمعے کی شب سے تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ خادم حسین رضوی، دیگر رہنما اشرف آصف جلالی، پیر افضل قادری اور سیکڑوں کارکنوں اور عہدے داروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی ہے جس پر عملدرآمد کرانے کے لیے پولیس متحرک ہے۔ راولپنڈی ضلع کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے جوان تعینات ہیں جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 763154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش