0
Sunday 25 Nov 2018 22:51

عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء 27 تا 30 نومبر کراچی میں ہوگی، افتتاح وزیراعظم عمران خان کرینگے

عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء 27 تا 30 نومبر کراچی میں ہوگی، افتتاح وزیراعظم عمران خان کرینگے
اسلام ٹائمز۔ دفاعی مصنوعات کی 10ویں بین الاقوامی 4 روزہ نمائش آئیڈیاز 2018ء کا آغاز منگل سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان نمائش کا افتتاح کریں گے، نمائش کے موقع پر مختلف اہم سرگرمیاں، دفاعی ٹیکنالوجی کے مظاہرے، عالمی سیمینار اور بری، بحری اور فضائی کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ آئیڈیاز 2018ء میں کراچی شو، انسداد دہشتگردی کا مظاہرہ، نیٹ ورکنگ، اور کمپنیوں کے مابین تجارتی روابط اور کمپنیوں اور حکومتی سطح پر امور طے ہوں گے۔ آئیڈیاز 2018ء میں دنیا بھر سے دفاعی صنعت اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو پیش کرے گی۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری اور دفاعی مندوبین اور تجارتی وفود آئیڈیاز 2018ء میں شرکت کریں گے، ان خیالات کا اظہار ایکسپو سینٹر کراچی میں نمائش کے حوالے سے ایک بریفنگ میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) وزارت دفاع کے حکام نے کیا۔ بریگیڈیئر وحید ممتاز، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن، کموڈور طارق محمود، ایئر کموڈور طاہر انور، بریگیڈیئر علی عامر حیدر ڈیپو، بریگیڈئیر عابد علی عسکری، ڈی آئی جی پی ٹریفک ایسٹ، جاوید علی مہر اور ظہیر نصیر چیف آپریٹنگ آفیسر، بدر ایکسپو سلوشنز بھی بریفنگ میں موجود تھے۔

حکام نے بتایا کہ دفاعی نمائش کا عظیم الشان افتتاح 27 نومبر کو کیا جائے گا، جو 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ نمائش کے ابتدائی دو روز مقامی و عالمی مندوبین، تجارتی وفود وغیرہ کے درمیان کاروباری اشتراک کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر انٹرنیشنل سیمینار بھی ہوگا، جس میں ابھرتے ہوئے عالمی اور خطے کے نئے عسکری چیلنجز میں پاکستان کے کردار پر بات کی جائے گی۔ حکام نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز 2018ء کے حوالے سے پاکستان پوسٹ آفس دس روپے کی مالیت والا خصوصی یادگاری ٹکٹ بھی جاری کرے گا، اس موقع پر دو روسی نیول جہاز بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اس نمائش میں پاکستان کی جدید دفاعی ساز و سامان گلوبل انڈسٹریل سلوشنز، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، ملٹری وہیکلز ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ، شبلی الیکٹرونکس، یونیورسل اسمارٹ ملٹری سسٹمز اور داﺅدسن آرمری ہیں، ان کا بھی افتتاح کیا جائے گا اور نمائش میں انہیں اجاگر کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ آئیڈیاز 2018ء میں گزشتہ تمام آئیڈیاز کے مقابلے میں زیادہ جگہ کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کو اجاگر کرنے کیلئے حاصل کی ہے۔

بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ اس بار عالمی وفود اور نمائش کنندگان کی تعداد بھی دیگر سابقہ آئیڈیاز سے زیادہ ہے، کراچی ایکسپو سینٹر کو اس کی گنجائش کے مطابق مکمل طور پر کمپنیوں نے بکنگ کیلئے حاصل کیا ہے، اس میں 522 نمائش کنندگان، جن کا تعلق پاکستان سمیت 51 ممالک سے ہے، شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ تجارتی وفود کے علاوہ 51 ممالک سے 262 اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی نمائش کا دورہ کریں گے، چین، چیک ری پبلک، فرانس، جرمنی، اٹلی، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، ترکی، عرب امارات، یوکرین اور امریکا نے اپنے خصوصی پویلین قائم کیے ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پی ٹریفک ایسٹ، جاوید علی مہر نے بھی خطاب کیا اور متبادل ٹریفک کے منصوبے میں بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے شہریوں کیلئے 29 نومبر کو نشان پاکستان، سی ویو پر ایک شاندار شو کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جبکہ 30 نومبر کو عوام نمائش میں شرکت کرسکیں گے، آئیڈیاز پاکستان کی نمائش ہے اور کراچی کے شہری دنیا بھر سے آنے والے شرکاء اور مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 763191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش