0
Sunday 25 Nov 2018 23:07

چینی قونصلیٹ حملہ، تحقیقاتی اداروں نے دہشتگردوں کی مزید تفصیلات جمع کرلیں

چینی قونصلیٹ حملہ، تحقیقاتی اداروں نے دہشتگردوں کی مزید تفصیلات جمع کرلیں
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، دہشتگردوں کے روٹ کیلئے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہیں، چینی وفد بھی سفارت خانے کا جائزہ لینے پہنچ گیا، قونصلیٹ پر حملہ کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں نے حملہ آوروں کی مزید تفصیلات جمع کرلیں، حملے کے ماسٹر مائنڈ ہربیار مری سمیت بارہ سہولت کاروں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق دہشتگرد حملہ کے روز ہی کراچی پہنچے تھے۔ دہشتگرد سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقے حب کے راستے سے کراچی میں داخل ہوئے تھے۔ دہشتگردوں نے چینی قونصلیٹ پہنچنے کیلئے شیر شاہ سے مائی کولاچی والا راستہ استعمال کیا۔ قانون نافذ کرنے والوں نے کراچی سے گرفتار سہولت کار کی نشاندہی پر مزید دو افراد کو حراست میں لیا۔ زیر حراست افراد گاڑیوں کو کرائے پر دینے اور خریدوفروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ ان میں سے ہی ایک شخص نے دہشتگردوں سے برآمد ہونے والی گاڑی کرائے پر دی تھی۔

دوسری جانب چینی وفد نے قونصلیٹ کا دورہ کیا، قونصل عملے و دیگر کو پولیس اور رینجرز نے حملے سے متعلق بریفنگ دی، قونصل عملے نے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا کمانڈر اسلم اچھو اس وقت بھارتی دارالحکومت دہلی کے میکس اسپتال میں زیر علاج ہے، جو مبینہ طور پر چینی قونصل خانے کا ماسٹر مائنڈ بتایا جاتا ہے۔ اسلم اچھو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ اٹھارہ ماہ قبل سبی میں ہونے والے مقابلے میں زخمی ہوا تھا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا، جبکہ اس آپریشن میں بی ایل اے کے کئی کارندے مارے گئے تھے، اسلم اچھو کی دہلی کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں  کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصلیٹ پر ہونے والا دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا، فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید، جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 763193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش