0
Sunday 25 Nov 2018 23:28
مظلوموں کو قوموں اور مسلکوں میں تقسیم نہ کیا جائے

حکومت دہشتگردوں سے مرعوب ہونیکی بجائے آہنی ہاتھوں سے نمٹے، علامہ ناصر عباس جعفری

آرمی چیف کے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنیکے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں
حکومت دہشتگردوں سے مرعوب ہونیکی بجائے آہنی ہاتھوں سے نمٹے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مال روڈ پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام حمایت مظلومین و استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مذہب اور قوم پرستی کے نام پر نفرتیں پھیلانے والے ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں، لوئر اورکزئی اور چائنہ قونصل خانے پر حملہ کرنیوالے بزدل لوگ تھے، بیگناہوں اور غریبوں پر حملے کرنیوالے درحقیقت درندے ہیں، اورکزئی میں لوکل لوگوں کیساتھ ملکر سکیورٹی کا میکنزم بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشگردوں نے ایک مرتبہ پھر حملے کرکے قوم میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی ہے، مظلوموں کو قوموں اور مسلکوں میں تقسیم نہ کیا جائے، پاکستان کے بیٹے شہید ہوئے ہیں، حکومت شدت پسندوں سے مرعوب ہونے کی بجائے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا ناموس رسالت (ص) کے نام پر ناموس رسالت (ص) کی تحریک کو نقصان پہنچایا گیا، سب مسلمان ناموس رسالت (ص) پر قربان ہونے کو تیار ہیں، ریاست کو اپنی رٹ بحال رکھنی چاہیئے اور ریاست کو چیلنچ کرنیوالوں کو چھوٹ نہیں دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کشمیر ہو یا یمن دنیا کے تمام مظلومین کی حمایت کرتے ہیں، حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی بھی کسی صورت قانون کو اپنے ہاتھوں میں نہیں لیا، اس کے باوجود ہمارے علماء کرام و نوجوانوں کو اسیر اور لاپتہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملت جعفریہ سمیت تمام محب وطن شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسلام اور ملک دشمن عناصر دہشتگردی کے لبادے میں چھپ کر محبان وطن کو اپنی بزدلانہ کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، ہم پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہم. دشمنانِ اسلام و دشمنانِ پاکستان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان بنانے والے پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا جانتے ہیں، ملت جعفریہ سمیت آئی ایس او کا ہر جوان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی حفاظت کیلئے اپنی جان، مال، عزت اور ناموس کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 763197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش