QR CodeQR Code

تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے 100 دن عوام پر بوجھ بن گئے ہیں، سید نوید قمر

26 Nov 2018 20:22

ٹنڈو محمد خان میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت ایک ملک سے دوسرے ملک جاکر ملک چلانے کے لئے امداد طلب کر رہی ہے اور قرضہ حاصل کرنے کے لئے آئی ایم ایف تک گئی، ان کے پاس ملک چلانے کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے سید نوید قمر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے 100 دن عوام پر بوجھ بن گئے ہیں، بجلی، گیس، پیٹرول اور روزمرہ کی ضروریات اشیاء کی چیزیں مہنگی کرکے عوام کی کمر توڑ دی گئی ہے، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر ٹنڈو محمد خان کی جانب سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سید نوید قمر نے کہا کہ وفاقی حکومت ایک ملک سے دوسرے ملک جاکر ملک چلانے کے لئے امداد طلب کر رہی ہے اور قرضہ حاصل کرنے کے لئے آئی ایم ایف تک گئی، ان کے پاس ملک چلانے کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان کی عوام نے مجھے ساتویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی بنایا، وفاقی حکومت انتقامی کارروائی کرنے پر تلی ہوئی ہے اور اپوزیشن لیڈروں کے خلاف آئے دن منفی پروپگنڈا کرکے انہیں حراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ کہتے ہیں کہ ہم سے تین مہینوں کا حساب مانگا جا رہا ہے، جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور سابق فنانس منسٹر کے طور پر ہم نے تین ماہ کے اندر ایسے اہم پروگرام تشکیل دیئے جس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ورکرز شیئر، گندم کی قیمت میں کمی اور پہلی مرتبہ پاکستان گندم ایکسپورٹ کرنے والا ملک بنا، اس سے پہلے پاکستان میں آسٹریلیا، آمریکا سے گندم امپورٹ کی جاتی تھی، ہم نے وہ پالیسی دی جو آج تک پاکستان گندم ایکسپورٹ کرنے والے ملک میں شامل ہے، اس حکومت کا کوئی پروگرام ابھی تک نظر نہیں آ رہا اور نہ ہی کوئی ایسی پلاننگ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 763365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/763365/تحریک-انصاف-کی-وفاقی-حکومت-کے-100-دن-عوام-پر-بوجھ-بن-گئے-ہیں-سید-نوید-قمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org