0
Tuesday 27 Nov 2018 15:52

کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش 'آئیڈیاز 2018' کا آغاز، افتتاح صدر مملکت نے کیا

کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں ہتھیار برائے امن، بین الاقوامی دفاعی نمائش ’آئیڈیاز 2018‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری دفاعی ساز و سامان کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز 2018‘ کا باقاعدہ افتتاح صدر مملکت عارف علوی نے کیا۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی نمائش کے دوران موجود ہیں، جبکہ وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں، اس دوران وہ بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔ 4 روزہ نمائش میں 52 ممالک کے 260 مندوبین، جبکہ  14 ممالک اپنے دفاعی سازوسامان کے ساتھ بھرپور انداز میں شریک ہیں، اس کے علاوہ  6 ممالک کے ایئر چیفس بھی دفاعی نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ 30 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش کے دوران مختلف سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے مطابق رواں برس گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ ممالک کا اضافہ ہوا ہے، جن کے دفاعی وفود بھی نمائش میں شریک ہیں، نمائش میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے 500 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان اور دنیا بھر کے ممالک کے درمیان دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ دفاعی نمائش میں پاکستان ایئر فورس کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے، جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیار کردہ ڈرونز اور مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔ آئیڈیاز 2018ء کے دوران مختلف ممالک سے دفاعی معاہدوں کی یاداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

4 روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ بھی کریں گے جبکہ سی ویو نشان پاکستان پر عام شہریوں کیلئے ایئر شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دفاعی نمائش کے حوالے سے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء بھی کیا گیا ہے۔ دفاعی نمائش کے دوران ٹریفک کی صورت حال کو بہتر رکھنے کیلئے خصوصی پلان پر عمل کیا جا رہا ہے، نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک بند ہے۔ اس کے علاوہ کارساز سے نیشل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کیلئے بند ہے، تاہم علاقے کے رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر آ اور جا رہے ہیں۔ شہید ملت روڈ سے آنے والی ٹریفک جیل روڈ فلائی اوور اور یونیورسٹی روڈ سے غریب آباد جا رہی ہے۔ ہیوی ٹریفک کو نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 763534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش