0
Tuesday 27 Nov 2018 16:13

امن کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ملکی دفاع کیلئے ہر قدم اٹھائینگے، صدر مملکت

امن کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ملکی دفاع کیلئے ہر قدم اٹھائینگے، صدر مملکت

اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے اور ملک کے دفاع کیلئے ہم ہر قدم اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دفاعی ساز و سامان کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز 2018‘ کا باقاعدہ افتتاح  کر دیا، نمائش میں سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی، 50 سے زائد ممالک کے 262 وفود شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت عارف علوی کہا کہ حکومت نئے پاکستان کے حصول کی راہ پر گامزن ہے، ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، آئین عام شہری کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردوں نے ہماری معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، دہشتگردی کے خلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، ہمیں پاک فوج کے شہداء پر فخر ہے، پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام پر واقع ہے، پاک فوج دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ہمارے ہتھیار دفاع کیلئے ہیں اور اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہم ہر قدم اٹھائیں گے، جبکہ دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیر کے حقوق نہیں دبا سکتا اور اسے مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا، ہماری امن کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، خطے کے مسائل جنگ سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی ترقی علاقائی امن و امان سے وابستہ ہے، پاکستان علاقائی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے، جبکہ مسائل کو دبانے کے بجائے انہیں حل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 763536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش