0
Wednesday 28 Nov 2018 19:22

بلوچستان کا مسئلہ سی پیک سے نہیں بلکہ لاپتہ افراد کی بازیابی سے حل ہوگا، سردار اختر مینگل

بلوچستان کا مسئلہ سی پیک سے نہیں بلکہ لاپتہ افراد کی بازیابی سے حل ہوگا، سردار اختر مینگل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ حکومت بنانے یا گرانے، ڈیموں یا سی پیک سے حل نہیں ہوگا، بلکہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور سیاسی طور پر مسئلے کو حل کیا جائے، وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے اور نہ ہی حکومت کی جانب سے ہمیں مثبت جواب دیا گیا ہے۔ بلوچستان کے حکومت میں شامل لوگ صرف اقتدار کے لئے آئے ہیں، انہیں اقتدار سے پیار اور محبت ہے اور جن لوگوں نے ان کو اقتدار دیا ہے، مسائل کے حل کے لئے نہیں صرف اور صرف اقتدار دینے کے لئے اختیار دیا ہے۔ کمال ہو یا جمال، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں وہ جمال چاہیئے جو کمال کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاپتہ افراد کے کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہمارے پاس وہ الفاظ نہیں کہ کن باتوں سے آغاز کروں کہ کیمپ میں بیٹھے ہوئے لاپتہ افراد کے لواحقین سرد موسم میں اپنے ورثاء کے تلاش کے لئے جس کرب و درد سے گزر رہے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومت اسے محسوس کریں تو یہ بہت بڑا مسئلہ ہے، مگر محسوس کرنے والا کوئی نہیں ہے، تو ان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ یہ لوگ صرف مراعات لینے کے قابل ہے۔ حکومت ان مطالبات کو پورا نہیں کر سکتے تو پھر حکومت میں رہنے کا کوئی جواز ہے۔

ہم کیمپ میں آئے ہیں اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے خود پیش بھی ہوئے۔ لاپتہ افراد کے ورثاء نے گھر کا سامان بھیج کر سپریم کورٹ میں پیش ہوتے رہے، مگر اس کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔ ماما قدیر بلوچ نے کوئٹہ سے کراچی اور کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا۔ یہاں سیاسی جماعتیں حکومت بنانے یا گرانے کے لئے لانگ مارچ کرتے ہیں، مگر لاپتہ افراد کے لئے لانگ مارچ کرنے والے اسلام آباد پہنچے، کسی نے ان کے سر کے اوپر ہاتھ نہیں رکھا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے لاپتہ افراد کے بازیابی کے لئے ان کے لانگ مارچ اور جہاں بھی احتجاج ہوا، ان میں شریک ہوئے۔ جب حکومت بن رہی تھی تو سیاسی جماعتوں نے وزارتوں اور اقتدار کے لئے لسٹیں فراہم کی۔ ہم نے اقتدار کی لالچ نہیں کی۔ لاپتہ افراد کی لسٹ حکومت کو فراہم کی اور حکومت کی جانب سے اب تک کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔ ہم نے جو لسٹ حکومت کو مہیا کی ہے، اس کے علاوہ بھی کافی مسائل ہے، جب تک لاپتہ افراد کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، اس وقت تک بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 763771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش