0
Thursday 29 Nov 2018 21:28

تکفیری و خارجہ فتنے نے مسالک کو ایک دوسرے سے دُور کر دیا تھا، طاہرالقادری

تکفیری و خارجہ فتنے نے مسالک کو ایک دوسرے سے دُور کر دیا تھا، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے کُل مسالک علماء بورڈ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مولانا عاصم مخدوم نے کی۔ ملاقات میں مسالک کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ کے حوالے تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس موقع پر علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اتحادِ امت وقت کا تقاضا ہے، تکفیری و خارجی فتنہ سے مسالک کے درمیان رابطہ ٹوٹ گیا تھا اور مسالک ایک دوسرے سے دور ہو گئے تھے، ماضی میں ٹوٹنے والا رابطہ اب بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے تحریک منہاج القرآن کا کردار سب سے نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ عروج پر تھیں تحریک منہاج القرآن اس وقت بھی امن کو پیغام دے رہی تھی اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے کوشاں تھیں اور الحمدللہ، اللہ تعالیٰ نے ہماری کوشش کو بار آور کیا اور آج شیعہ سنی سمیت تمام مسالک متحد ہیں، ایک دوسرے کی تقاریب میں جاتے ہیں اور امن کی بہترین فضا ہے۔

اس موقع پر کل مسالک علماء بورڈ کے سربراہ مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ ہمارے اس پلیٹ فارم کا مقصد بھی مسالک کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور خارجہ فتنہ نے اُمت کو بہت نقصان پہنچایا ہے، دہشتگردی میں پاکستان کی قیمتی شخصیات کو ٹارگٹ کیا گیا جس سے ملک کا نقصان ہوا، مگر اب علماء اس حوالے سے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور اس کے ثمرات بھی مثبت سامنے آ رہے، امت متحد ہو رہی ہے اور ان شاء اللہ مستقبل میں مزید اچھی خبریں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بھی کل مسالک علماء بورڈ نے بین المسالک ہم آہنگی کیلئے نمایاں کام کیا اور تمام مسالک کے علماء مجالس عزاء میں بھی شریک ہوتے رہے ہیں جبکہ ربیع الاول کے جلوسوں میں بھی ہمارے پلیٹ فارم سے شرکت کی گئی۔ یاد رہے کہ مولانا عاصم مخدوم کے ہمراہ ملاقات کرنیوالے مختلف مدارس کے دورہ حدیث کے دیوبندی طلباء تھے۔ مولانا عاصم مخدوم کے بقول ملاقات کا مقصد طلباء کی ذہن سازی تھا کہ وہ اپنے مدارس کے علماء کیساتھ دوسرے مکاتب فکر کے علمائے کرام کا بھی احترام کریں۔
خبر کا کوڈ : 763930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش