0
Thursday 29 Nov 2018 21:27

سندھ ہائیکورٹ کا تمام لاپتا افراد 24 جنوری تک بازیاب کرنیکا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا تمام لاپتا افراد 24 جنوری تک بازیاب کرنیکا حکم
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق کیس میں جے آئی ٹی کو 24 جنوری تک لاپتا شہریوں کو بازیاب کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، تو اس دوران لاپتا شہری رئیس کی والدہ کمرہ عدالت میں رو پڑیں۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ رئیس واٹر بورڈ کا ملازم تھا اور گھروں میں بل بانٹتا تھا، دو سال سے بیٹا لاپتا ہے، گھر میں فاقے کر رہے ہیں۔ دورانِ سماعت عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے وکیل پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس نعمت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی اور اٹارنی جنرل آفس سے پیشرفت سامنے نہیں آرہی، اب ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور جے آئی ٹی پر جرمانہ عائد کریں گے اور اس کی رقم معاوضے کے طور پر لاپتا افراد کے اہل خانہ کو دیں گے۔

عدالت نے کہا کہ سرکاری وکلاء اور پولیس کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے دفتر سے بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا جاتا، لاپتا افراد کے اہلخانہ پریشان ہیں اور کسی کو پرواہ نہیں۔ عدالت نے لاپتہ افراد سے متعلق خیبرپختونخوا کے حراستی مراکز میں چھان بین کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت سے بھی مدد لی جائے۔ سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کے معاملے پر تمام اداروں کو آن بورڈ لیتے ہوئے 24 جنوری تک لاپتا شہریوں کو بازیاب کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
خبر کا کوڈ : 763978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش