QR CodeQR Code

جی 20 کانفرنس کا آغاز عالمی رہنماؤں کی سائیڈ لائن ملاقاتیں

1 Dec 2018 11:24

ترقی یافتہ اور ابھرتی اقتصادیات کے 20 ممالک کے رہنما اس اجلاس میں ترقیاتی، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبہ جات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ چین اور امریکی تجارتی جنگ کے علاوہ یوکرائن اور روس کے حالیہ تنازعہ پر بھی اس سمٹ میں بحث کا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں جی 20 کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ ترقی یافتہ اور ابھرتی اقتصادیات کے 20 ممالک کے رہنما اس اجلاس میں ترقیاتی، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبہ جات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ چین اور امریکی تجارتی جنگ کے علاوہ یوکرائن اور روس کے حالیہ تنازعہ پر بھی اس سمٹ میں بحث کا امکان ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل جہاز لیٹ ہونے کے باعث اجلاس کے پہلے سیشن میں شرکت نہ کر سکیں۔

جی 20 کے موقع پر عالمی رہنماؤں کی سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کینیڈین وزیراعظم اور میکسیکن صدر نے سمٹ کی سائیڈ لائن پر ملاقات میں علاقائی تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے۔ امریکی صدر نے معاہدے کے بعد کہا کہ پرانے نافٹا معاہدے میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے امریکی کارکنوں کو خاص طور پر آٹو صنعت کو فائدہ ہو گا اور دنیا اس معاہدے کی نقل کرے گی۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ یو ایس ایم اے اے نے سنگین اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے خطرے کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میکسیکن صدر پینا ناتونے کہا کہ اس معاہدے نے ہمیں مضبوط کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں وہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ اٹھائیں گی۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس کے حاشیے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھارت کو پیٹرولیم مصنوعات اور آئل کی فراہمی کے لیے بھی تیار ہیں۔ کانفرنس کے دوران امریکی اور چینی صدور کی ملاقات بھی ہو گی۔ جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے ارجنٹائن روانگی سے قبل روسی صدر پیوٹن سے طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب بھی دونوں کی ملاقات کا امکان موجود ہے۔ ارجنٹائن نے دو روزہ جی 20 اجلاس کے موقع پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں، علاقے بھر میں 22ہزار پولیس اہلکار اور 3ہزار فوجی تعینات کئے گئے ہیں۔ دوسری طرف بیونس آئرس میں جی ٹوئنٹی سمٹ کے خلاف مظاہروں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں برس مختلف ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے باعث جی 20 اجلاس بھی متاثر ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 764214

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764214/جی-20-کانفرنس-کا-آغاز-عالمی-رہنماؤں-کی-سائیڈ-لائن-ملاقاتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org