0
Saturday 1 Dec 2018 16:51

سیاستدان ملک کو ایٹمی طاقت بناتے ہیں اور ایک انڈے، مرغی کی بات کرتا ہے، خورشید شاہ

سیاستدان ملک کو ایٹمی طاقت بناتے ہیں اور ایک انڈے، مرغی کی بات کرتا ہے، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سیاستدان ملک کو ایٹمی طاقت بناتے ہیں اور ایک سیاستدان انڈے اور مرغی کی بات کرتے ہیں، جس سے  پاکستان کا مذاق اڑایا گیا۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ڈالر بڑھنے سے قرضہ بڑھ گیا ہے، دیکھا جائے کہ کس نے پاکستان کو تباہ کیا اور کرپشن کی بنیاد ڈالی، طاقت کے مظاہرے سے کبھی معیشت ٹھیک نہیں ہوتی، آؤ مل کر بیٹھتے ہیں پھر دیکھیں کیسے ملک آگے بڑھتا ہے، ہم نے ہر وقت یہ بات کی کہ ہم ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی حل ہوتے ہیں، جیل بھجوا دوں گا، لٹکا دوں گا کہنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اگر کوئی کنٹینر لگائے تو راستہ بند ہوجائے گا، حکومت کہتی ہے آؤ کینٹینر لگاؤ، اگر کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے جائیں تو کیا حکومت چل پائے گی، وزیراعظم اب تک کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں کہ اہلیہ بار بار بتاتی ہیں کہ تم وزیراعظم ہو، جو شخص خود کو وزیراعظم نہ سمجھے دیگر لوگ کیسے سمجھیں گے۔

خورشید شاہ نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاستدان ملک کو ایٹمی طاقت بناتے ہیں اور وفاق کو مضبوط کرنے کے بل پاس کرتے ہیں جب کہ ایک سیاستدان انڈے اور مرغی کی بات کرتے ہیں، مرغی اور انڈوں کی بات پر پاکستان کا مذاق اڑایا گیا۔ پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مصالحت کی بات کی ہے، کوڑوں، پھانسیوں اور جیلوں سے کیا ملک میں استحکام آیا؟ اگر لاکھوں لوگ چوراہے پر بیٹھ جائیں تو کیا آپ حکومت کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں 10 ارب روپے کی اراضی قبضہ مافیا سے چھڑائی ہے، کوئی شخص ثابت نہیں کرسکتا کہ ایک انچ زمین پر قبضہ کیا ہے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ مجھے طلب کریں، اگر مجھ پر قبضہ ثابت ہو تو پھر بحثیت سیاستدان مجھے کوئی حق نہیں، اقلیتی برادری کی اراضی سے متعلق مجھ پر غلط الزام لگایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 764305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش