QR CodeQR Code

چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا، کراچی پولیس چیف

1 Dec 2018 17:00

نجی یونیورسٹی میں یوتھ پارلیمنٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر شیخ نے بتایا کہ دہشت گرد کس ہوٹل میں ٹھہرے تھے، اس کا پتہ چلا لیا ہے اور ہوٹل سے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) لیڈ کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ ڈیفنس ویو پر نجی یونیورسٹی میں یوتھ پارلیمنٹ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے، دہشت گرد کس ہوٹل میں ٹھہرے تھے، اس کا پتہ چلا لیا ہے اور ہوٹل سے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) لیڈ کر رہی ہے، رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس بھی اس کیس میں کام کررہے ہیں۔

امیر شیخ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ڈرگ لینے کے بعد بہت صاف گو ہو جاتے ہیں، نوے فیصد نشہ آور اشیاء کے خریدار طلبہ تھے، ہم ڈرگ آگاہی کے لئے جلد ویب سائٹ لانچ کریں گے۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصلیٹ پر 23 نومبر کو دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ سکیورٹی اداروں نے حملے کے اگلے ہی روز اس میں ملوث 2 مبینہ سہولت کاروں کو کراچی اور شہدادپور سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 764306

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764306/چینی-قونصلیٹ-حملے-میں-ملوث-مزید-سہولت-کاروں-کو-گرفتار-کرلیا-کراچی-پولیس-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org