QR CodeQR Code

کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی، چائلڈ پورنوگرافی کا پہلا مقدمہ درج، ملزم گرفتار

2 Dec 2018 03:19

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق دوران تفتیش 10 سے 13 سال کے درمیان 10 متاثرہ بچے بھی سامنے آئے ہیں، ملزم نے فیس بک، انسٹاگرام اکاؤنٹس، ورچوئل واٹس ایپ گروپ بنا رکھے تھے، ملزم حمزہ گروپ اور اکاؤنٹس پر کم عمر بچوں کو ویڈیوز شیئر اور غیر اخلاقی عمل کیلئے اکساتا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے سائبر سرکل کراچی نے چائلڈ پورنوگرافی کا پہلا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کے قبضے سے نازیبا تصاویر اور ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایف آئی اے سائبر سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنوگرافی کا پہلا مقدمہ درج کرلیا، مذکورہ مقدمہ خالد نامی شخص کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزم حمزہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرلی ہیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق دوران تفتیش 10 سے 13 سال کے درمیان 10 متاثرہ بچے بھی سامنے آئے ہیں، ملزم نے فیس بک، انسٹاگرام اکاؤنٹس، ورچوئل واٹس ایپ گروپ بنا رکھے تھے، ملزم حمزہ گروپ اور اکاؤنٹس پر کم عمر بچوں کو ویڈیوز شیئر اور غیر اخلاقی عمل کیلئے اکساتا تھا، اس کے علاوہ ملزم بچوں کو بلیک میل اور ہراساں کرکے ان سے رقوم بھی وصول کرتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر گروہ کے دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔


خبر کا کوڈ: 764387

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764387/کراچی-میں-ایف-آئی-اے-کی-کارروائی-چائلڈ-پورنوگرافی-کا-پہلا-مقدمہ-درج-ملزم-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org