QR CodeQR Code

محمد عالم ساجدی اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے نئے مرکزی صدر منتخب

2 Dec 2018 22:18

اصغریہ تحریک کا تیسرا سالانہ مرکزی احیاء کردار حسینی کنونشن 30 نومبر تا 2 دسمبر ثقافتی مرکز بھٹ شاہ، ضلع مٹیاری میں منعقد ہوا، کنونشن کے آخری روز ’’یوم دین مصطفیٰ و فقہ امام صادقؑ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں سندھ بھر سے تحریک کے کارکنان، خواتین اور مہمان حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن میں تنظیمی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کا 3 روزہ تیسرا سالانہ مرکزی احیاء کردار حسینی کنونشن اندرون سندھ کے علاقے بھٹ شاہ میں واقع ثقافتی مرکز میں اختتام پذیر ہوگیا ہے، کنونشن کے آخری روز آج بروز اتوار اکثریت رائے سے محمد عالم ساجدی کو نیا میر کاروان منتخب کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اصغریہ تحریک کا تیسرا سالانہ مرکزی احیاء کردار حسینی کنونشن 30 نومبر تا 2 دسمبر ثقافتی مرکز بھٹ شاہ، ضلع مٹیاری میں منعقد ہوا، کنونشن کے آخری روز ’’یوم دین مصطفیٰ و فقہ امام صادقؑ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں سندھ بھر سے تحریک کے کارکنان، خواتین اور مہمان حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن میں تنظیمی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں، جس میں اضلاع حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، سکرنڈ، نوابشاہ، نوشھرو فیروز، خیرپور میرس، سکھر، گھوٹکی، جیکب آباد، شھداد کوٹ، کے این شاہ، دادو سمیت ڈویژن حیدرآباد، میرپورخاص، نوابشاہ، سکھر اور دادو کے ذمہ داران نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

مرکزی کابینہ نے بھی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس پر چئیرمین تحریک انجنئیر سید حسین موسوی نے تجزیہ پیش کیا اور مستقبل کیلئے لائحہ عمل کیلئے اجتماعی مباحثہ کروایا۔ سالانہ مرکزی کنونشن میں علامہ علی مرتضیٰ زیدی، مولانا عروج زیدی، علامہ حافظ حیدر علی نقوی، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ صادق رضا تقوی، مولانا قاری امتیاز حسین، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی، مولانا منظور علی مھدوی، سید پسند علی رضوی، سیدہ معصومہ موسوی اور دیگر علمائے کرما و تنظیمی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

آج بروز اتوار ’’یوم دین مصطفیٰ و فقہ امام صادقؑ‘‘ کے جلسہ عام سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سید حسین موسوی نے اکثریت رائے سے منتخب ہونے والے نئے میر کارواں محمد عالم ساجدی کے نام کا اعلان کیا، تو پنڈال میں موجود نے نئے میر کارواں کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے اسٹیج تک پہنچایا۔ چیئرمین اصغریہ تحریک حسین موسوی نے نئے مرکزی صدر محمد عالم ساجدی سے حلف وفاداری لیا۔


خبر کا کوڈ: 764497

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764497/محمد-عالم-ساجدی-اصغریہ-علم-عمل-تحریک-پاکستان-کے-نئے-مرکزی-صدر-منتخب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org