0
Monday 3 Dec 2018 17:22

حکومت عوام دوست کیبجائے عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، ثروت اعجاز قادری

حکومت عوام دوست کیبجائے عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ صدر مملکت و وزیراعظم اہلسنت کے مدارس و جامعات اور مساجدوں پر بلاجواز چھاپوں کے سلسلے کو فوری بند کرائیں، حکومت علماء و خطباء پر کریک ڈاؤن بند کرے، چند قانون شکن عناصر کو بنیاد بناکر اہلسنت کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ نہیں روکا، تو آئندہ کا لائحہ طے کرنے کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلائیں گے، حکومت عوام دوست کے بجائے عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر مرکزی رابطہ کمیٹی، ڈسٹرکٹ کمیٹی اور سیکٹر کنوینر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بیان کہ رہائشی آبادیوں کا تحفظ یقینی بنائینگے، انسداد تجاوزات آپریشن عدلیہ میں چیلنج کرنیکا خیر مقدم کیا گیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ریاست، سماج اور اسلام دشمن قوتوں نے ملک کو نقصان پہنچایا اور ان کے خلاف ہمیشہ اہلسنت نے کلمہ حق بلند کیا، آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کی اہلسنت کے علماء و مشائخ اور قائدین نے مکمل حمایت اور دہشتگردوں کے خلاف فتوے جاری کئے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اور ریاستی اداروں کا ساتھ دینے کی بنیاد پر ہمارے قائدین و کارکنان کو شہید کیا گیا، مگر ہم نے ہمیشہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا، ملک کی سلامتی کے اداروں کا ساتھ دیکر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت کے ساتھ ناروا سلوک فوری بند کیا جائے اور گرفتار اہلسنت و جماعت کے علماء و مشائخ ،کارکنان، ہمدردوں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوازات کی آڑ میں غریبوں کو بے گھر کرنے کا منصوبہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غریبوں کو بے گھر کرنے کے مترادف ہے، غریبوں کے رہائشی گھر گرانے کی بجائے پہلے ان افراد کو کٹہرے میں لانا چاہیے، جنہوں نے غیر قانونی مکان بنانے اور خرید و فروخت میں پیسہ کمایا اور ادارے کے ضابطے کی دھجیاں بکھیریں۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن انتظامیہ غریبوں کو متبادل جگہ دیکر انہیں ہٹاتی، تو بیروزگاری میں اضافہ نہیں ہوتا، ملک کی معاشی ابتر صورتحال سے غریب سب سے زیادہ پریشان ہیں اور حکومت عوام دوست کے بجائے عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے۔
خبر کا کوڈ : 764647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش