QR CodeQR Code

کراچی میں تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر ڈاکٹر عشرت العباد کا چیف جسٹس اور وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ

3 Dec 2018 21:42

سابق گورنر سندھ نے چیف جسٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کراچی کا بڑا مسئلہ تھا، تجاوزات کے خلاف سپریم کورٹ کا ایکشن مثبت قدم ہے، کراچی میں تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک جام کے مسائل تھے، تاہم تجاوزات ہٹانے میں کچھ لوگوں کے ساتھ زیادتی بھی ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کے سلسلے میں ڈاکٹر عشرت العباد نے چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے رابطہ کرکے معاملے پر گفتگو کی۔ سابق گورنر سندھ نے چیف جسٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کراچی کا بڑا مسئلہ تھا، تجاوزات کے خلاف سپریم کورٹ کا ایکشن مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک جام کے مسائل تھے، تاہم تجاوزات ہٹانے میں کچھ لوگوں کے ساتھ زیادتی بھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات میں اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو ازالے کے لئے مانیٹرنگ کمیٹی بنائی جائے، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی سے مل کر متبادل جگہ فراہم کرنے کے لئے کام کریں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی، جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے بھی چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات سے متعلق آپریشن پر ایک کمیٹی تشکیل دیں جو عدالت کو کارروائیوں سے متعلق آگاہ کرتی رہے۔


خبر کا کوڈ: 764697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/764697/کراچی-میں-تجاوزات-ہٹانے-کے-معاملے-پر-ڈاکٹر-عشرت-العباد-کا-چیف-جسٹس-اور-وزیراعلی-سندھ-سے-رابطہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org